ہفتہ , 20 اپریل 2024

چین نے کورونا وائرس پر تنقید کرنے والے پروفیسر کو گرفتار کرلیا

بیجنگ: چینی حکام نے ایک مضمون میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلق چینی صدر شی جن پنگ پر تنققید اور ان پر ‘ظالم’ حکمران ہونے کا الزام لگانے والے قانون کے پروفیسر کو حراست میں لے لیا۔ابلاغ نیوز نے فرانسیسی خبررساں ادارے ‘ اے ایف پی’ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ سو ژانگرون چین کے سنسرڈ نظام تعلیم میں ٖحکومت کے ایک غیرمعمولی ناقد ہیں۔ان کے ایک دوست نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سو ژانگرون کو گزشتہ روز بیجنگ کے مضافات میں واقع ان کے گھر سے 20 سے زیادہ افراد لے گئے۔سو ژانگرون نے رواں برس فروری میں ایک مضمون شائع کیا تھا جس میں انہوں نے شی جن پنگ کی جانب سے فروغ دی گئی دھوکا دہی اور سنسرشپ کی ثقافت کو کوورنا وائرس کے پھیلاؤ کا مورد الزام ٹھہرایا تھا۔

بیرون ملک ویب سائٹس پر شائع ہونے والے مضمون میں انہوں نے کہا تھا کہ چین کا ‘قائدانہ نظام خود حکمرانی کے ڈھانچے کو تباہ کر رہا ہے’۔انہوں نے مزید لکھا تھا کہ وائرس کے مرکز صوبے ہوبے میں افراتفری نے چین کے نظام میں موجود مسائل کی عکاسی کی۔   سو ژانگرون نے لکھا کہ چین صرف ایک شخص کے زیر قیادت ہے لیکن یہ شخص اندھیرے میں ہے جو ظالمانہ حکمرانی کرتا ہے اور حکمرانی کا کوئی طریقہ نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا تھا کہ اگرچہ وہ طاقت کے ساتھ کھیلنے میں مہارت رکھتا ہے جس کی وجہ سے پورے ملک کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔   اپنے مضمون میں سو ژانگرون یہ بھی پیش گوئی کی تھی کہ چین میں جاری معاشی سست روی ‘سیاسی و علمی برہمی اور معاشرتی کشمکش’ کے ساتھ ساتھ ‘قومی اعتماد کے خاتم’ کا سبب بنے گی۔

سنگ ہوا یونیورسٹی میں قانون کے پروفیسر نے، جو ملک کے اعلی اداروں میں سے ایک ہے۔ اس سے قبل بھی 2018 میں آن لائن گردش کرنے والے مضمون میںصدارتی مدت کی حدود کے خاتمے کے خلاف اظہار خیال کیا تھا۔   ان کے ایک دوست نے بتایا کہ پولیس ہونے کا دعوی کرنے والے ایک شخص نے سو ژانگرون کی بیوی جو یونیورسٹی کی رہائش گاہ پر علیحدہ رہائش پذیر تھی کو یہ کہنے کے لیے بلایا تھا کہ ان کے شوہر کو جنوب مغربی شہر چینگدو میں مبینہ طور پر جسم فروشی پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔چینی پروفیسر کے دوست نے بتایا کہ سو ژانگرون نے گزشتہ موسم سرما میں متعدد لبرل چینی اسکالرز کے ساتھ چینگدو کا دورہ کیا تھا اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ گرفتاری کا تعلق اس سفر سے تھا یا نہیں، لیکن ان کے دوست نے اس الزام کو ‘مضحکہ خیز اور بے شرمی ‘قرار دیا۔

ان کے مطابق سو ژانگرون کو گزشتہ ہفتے گھر میں نظربند کیا گیا تھا۔سنگ ہوا کی جانب سے 2019 میں مبینہ طور پر انہیں پڑھانے اور تحقیق کرنے سے روکنے کے بعد دنیا بھر سے سنگ ہوا کے سیکڑوں طلبہ اور ماہرین تعلیم – نے ایک آن لائن پٹیشن پر دستخط کیے تھے جس میں انہیں دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سنگ ہوا اور بیجنگ میں عوامی تحفظ کے حکام نے رابطہ کرنے پر اس حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔خیال رہے کہ کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے چین میں آزادی اظہار پر ہمیشہ سختی سے کنٹرول کیا جاتا رہا ہے۔گزشتہ برس چین کی ایک عدالت نے سائبر مخالف ہوانگ کی کو 12 سال قید کی سزا سنائی تھی، جن کی ویب سائٹ پر انسانی حقوق سمیت حساس موضوعات پر ریاست کے راز افشا کرنے کا الزام تھا۔

یہ بھی دیکھیں

حماس کے خلاف جنگ میں شرکت کا امریکی اعتراف

واشنگٹن:امریکی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ امریکہ …