بدھ , 24 اپریل 2024

حکومت اور علماء کرام نے محرم الحرام کے ایس او پیز تیار کر لیے۔

اسلام آباد: حکومت پاکستان اور علماء کرام نے محرم الحرام کے لیے متفقہ ایس او پیز تیار کر لیے ہیں۔ ابلاغ نیوز کے مطابق پاکستان کے وزارت داخلہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ کی سرابراہی میں محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس طلب کیا گیا جس میں وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،علامہ عارف واحدی، ڈاکٹرغضنفر مہدی، علامہ قمر حیدر زیدی، راجہ بشارت امامی اور علامہ سجاد حسین نقوی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق سیاسی اور مذھبی جماعتوں کے رہنماؤں اور علماء کرام نے صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی سے بھی ملاقات کی جس میں محرم الحرام میں سید الشہداء حضرت امام حسین (ع) اور آپ کے اصحاب و انصار کا غم منانے اور مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں میں کورونا سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کیلئے 20 نکاتی ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میں شریک شیعہ مسلمانوں کے تمام علماء کرام نے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے دوران معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کی تیاری اور وائرس کے تدارک کے لیے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کیا جائیگا۔محرم الحرام کے دوران علماء کرام نے متفقہ طور پر عزاداری اور مجالس کے لیے درج ذیل ایس او پیز پر اتفاق کیا جس میں مجالس و عزاداری میں فاصلے کا خیال رکھا جائے گا، ماسک کے بغیر کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جلوس میں ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال اور پانی پینے اور پلانے کے لئے ڈسپوزل گلاس اور پلیٹس کا استعمال کیا جائے گا اور رضاکار اسکاوٹس کے ذریعے مجالس اور جلوس کے شرکاء سے ہدایات پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …