ہفتہ , 20 اپریل 2024

ٹرمپ نے‌ پوری دنیا میں امریکی قوم کو شرمسار کر دیا ہے : جو بائیڈن

واشنگٹن: امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ کے اقدامات سے پوری دنیا میں امریکی قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ابلاغ نیوز نے عالمی ذرائع ابلاغ کا حوالہ دیتے ہوئے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے دو ہزار بیس کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے حفظان صحت کے ماہرین کے انتباہات کو نظر انداز کیا اور بر وقت کوئی بھی اقدام کرنے سے گریز کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے امریکی قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ امریکہ کے سابق نائب صدر نے کہا کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس موذی وبا میں مبتلا ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک امریکہ بنا ہوا ہے۔جوبائیڈن کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس میں مبتلا اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں کی وجہ امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ کی پالیسیاں ہیں جو ہر موقع پر منطق سے کام لینے کے بجائے ضد اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہیں، وہ اپنی ان ہی عادتوں کی بنا پر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے حفظان صحت کے ماہرین کے انتباہات کو بھی نظر انداز کرتے رہے ہیں۔

امریکہ کے طبی ماہرین اور حفظان صحت کی بڑی شخصیات کورونا وائرس کے مقابلے میں امریکی صدر ٹرمپ کی کار کردگی پر ہمیشہ تنقید کرتی رہی ہیں۔اس درمیان امریکہ کے بارہ سو سے زائد سائنسدانوں اور ماہرین نے وائٹ ہاؤس کے نام اپنے کھلے خط میں دانشوروں کے خلاف الزامات کا سلسلہ بند اور حکومت کی جانب سے عقل و منطق اور سائنسی اصول کی بنیاد پر فیصلہ کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

اخبار گارڈین کے مطابق اپنے اس خط میں امریکہ کے بارہ سو سے زائد سائنسدانوں نے امریکی سائنسدانوں اور طبی ماہرین کے خلاف الزام تراشیوں پر کڑی تنقید بھی کی۔اس خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی سائنسدانوں نے ہمیشہ سیاست سے دوری اختیار کرتے ہوئے اپنی خدمات پیش کی ہیں اور ان سائنسدانوں اور ماہرین کے خلاف امریکہ کے موجودہ صدر کے الزامات ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ان ماہرین اور سائنسدانوں نے کہ جن میں سے کچھ موجودہ حکومت میں بھی سرگرم عمل ہیں، صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حکومت میں عقل و منطق کی بنیاد پر پالیسیاں اختیار کئے جانے کا عمل بحال کریں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …