منگل , 23 اپریل 2024

ایران اور قطر کے تعلقات کے فروغ پر تاکید کی

تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے قطر کے امیر کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں تہران اور دوحہ کے قریبی اور ھمہ جانبہ تعلقات کے فروغ پر تاکید کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات بڑھانے کی راہ میں کوئی حد مقرر نہیں ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ایران اور قطر کو دو دوست اور ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن میں دونوں ممالک کے عہدیداروں کی کوششوں سے معاشی تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

صدر مملکت نے علاقے کی حساس صورتحال میں قطر سے تعاون کی توسیع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام، صرف اور صرف علاقائی تعاون سے قائم ہو سکتا ہے۔

اس موقع پرقطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی ایرانی حکومت اور عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے باہمی معاشی تعلقات کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران سے تعلقات کا فروغ، قطر کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہمیں امید ہے کہ مشکل حالات پر قابو پانے اور کثیر الجہتی تعاون کے لئے مثبت اقدامات کئے جائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …