جمعہ , 19 اپریل 2024

سیاسی ناکامیوں نے سعودی عرب کو ہذيان گوئی پر مجبور کردیا

تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ یمن پر مسلط کردہ جنگ میں شکست اور سیاسی ناکامیوں نے سعودی عرب کو ہذيان گوئی پر مجبور کردیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کے امریکہ اور اسرائيل نوازبادشاہ کے ایران کے خلاف الزامات کو بےبنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب تکفیری دہشت گرد گروہوں کا اصلی مرکز اور محور ہے جہاں سے دہشت گردوں کو ہر قسم کی جنگی اور مالی مدد فراہم کی جاتی ہے۔

خطیب زادہ نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ کے ساتھ ملکر ایران پر زيادہ سے زیادہ اقتصادی دباؤ ڈالنے کی مذموم اور ناکام پالیسی پر گامزن ہے۔

خطیب زادہ نے کہا کہ سعودی عرب آج بڑے اسرائیل کی تشکیل کے سلسلے میں اربوں ڈالر خرچ کررہا ہے سعودی عرب کی غداری اور خیانت آج مسلمانوں کے سامنے نمایاں ہوگئي ہے۔ سعودی عرب کی اسلامی ممالک میں حیثیت بالکل ختم ہوگئی ہے۔ سعودی عرب کو اندرونی سطح پر بھی اقتدار کی جنگ کا سامنا ہے۔ سعودی عرب نے امارات، بحرین اور اسرائیل کے درمیان سازشی معاہدوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اب خود بھی اسرائیل کے ساتھ آشکارا طور پرسفارتی تعلقات قائم کرنے کی صف میں کھڑا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب نے یمن پر مسلط کردہ جنگ میں بچوں اور عام شہریوں کا قتل عام کرکے جنگي جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ سعودی عرب خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے سلسلے میں امریکہ اور اسرائیل کو تعاون فراہم کررہا ہے اور ایران نے خطے میں سعودی عرب کی معاندانہ پالیسیوں کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …