جمعہ , 19 اپریل 2024

تحریک کشمیر برطانیہ کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کا اعادہ

لندن میں تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس میں بین الاقوامی سطح پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کےلئے مربوط انداز میں کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانفرنس کا اہتمام جنگ بندی لائن پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کے تناظر میں کیاگیا تھا جس میں متعدد شہری شہید ، 31 زخمی اور لاکھوں روپے مالیت کی املاک تباہ اور مویشی ہلاک ہوگئے تھے۔ برطانیہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور انسانی حقوق گروپوں کے نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی جس کی صدارت تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کی ۔

فہیم کیانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ میں برطانوی شہری کونسلرمشتاق مغل کا گھر تباہ ہونے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی دفتر خارجہ کو بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ میں برطانوی شہریوں کے گھر تباہ ہونے پر بھارت کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے انعقاد کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اورکنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کو بے نقاب کرنے کیلئے مربوط کوششیں کرنا ہے ۔ فہیم کیانی نے کہا کہ ہمیں برطانوی اور یورپی پارلیمانوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کرنے پر بھارت کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں انسانیت کا بالکل بھی احترام نہیں کرتے ہیں۔ شیڈو منسٹر افضل خان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں ، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کشمیریوں اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی حالیہ خلا ف ورزیوں کے بارے میں وزیر خارجہ کو خطوط لکھنے چاہییئں۔

انہوں نے برطانوی حکومت پر زوردیا کہ بھارت کے بارے میں اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے کیونکہ وہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دینے میں ناکام رہا ہے جس کی ضمانت کشمیریوں کو اقوام متحدہ نے فراہم کر رکھی ہے ۔کانفرنس کے مقررین میں تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، میئر واجد خان ، لیبر فرینڈز آف کشمیر کے کنوینرکونسلر محبوب بھٹی،کونسلرالطاف خان ، چوہدری قیصر ، جویریہ حسین ، سردار آصف خان، ڈاکٹر ظفر اقبال اورمشتاق مغل ،تحریک کشمیر جرمنی کے صدر محمد ریاض ،تحریک کشمیر اسپین کے صدر ناصر مسلم ، تحریک کشمیر یورپ کے نائب صدر میاں طیب، تحریک کشمیر جرمنی کے جنرل سیکریٹری فاروق بیگ ، یونائٹ فار کشمیر کے خالد محمودکے علاوہ شاہ حسین کاظمی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …