جمعہ , 14 مئی 2021

ایران کی سپاہ پاسداران نے ایران ائير کے مسافر طیارے کو اغوا کرنے کی سازش ناکام بنادی

ایران کے سیکورٹی اداروں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے قومی ایرلائن کے مسافر طیارہ اغوا کرنے کی سازش ناکام بنادی ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جمعرات کی رات ایک طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ آئی آر جی سی کی ائیر سیکورٹی یونٹ کے دفتر رابطۂ عامہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جمعرات کی رات اہواز سے مشہد جانے والے ایک طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کو ائير سیکورٹی یونٹ کے افراد نے ناکام بنا دیا۔ یہ طیارہ ایران ائير کا تھا جو رات دس بج کر دس منٹ پر اہواز ائيرپورٹ سے مشہد کے لیے اڑا تھا۔

 سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن کی پرواز نمبر تین سو چونتیس جمعرات کی شب اھواز سے مشہد کے لیے تاخیر سے روانہ ہوئی تھی تاہم ہنگامی بنیادوں پر اصفہان میں اتار لیا گیا۔ بیان کے مطابق فلائٹ سیکورٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جہاز کو اصفہان ائیرپورٹ پر اتار کر ہائی جیکر کو گرفتار کرلیا۔ ہائی جیکر سے کی جانے والے ابتدائی تفتیش کہ مطابق وہ طیارے کو اغوا کرکے خلیج فارس کے ایک ساحلی ہوائی اڈے پر اتارنا چاہتا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران طیارے کے مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور انہیں متبادل پرواز کے ذریعے مشہد پہنچادیا گیا۔

بیان میں کہا گيا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش اورسازش کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا ایران کی وزارت انٹیلی جینس نے بتایا ہے کہ صوبۂ مغربی آذربائيجان میں ایک دہشت گردانہ کارروائي کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گيا اور دو دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گيا ہے۔

وزارت انٹیلی جینس کے دفتر رابطۂ عامہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ صوبۂ مغربی آذربائيجان کے پیرانشہر علاقے میں ایک دہشت گرد ٹیم، کارروائي کا ارادہ رکھتی تھی لیکن وزارت انٹیلی جینس نے اس دو رکنی مسلح ٹیم کا پتہ لگا لیا اور مسلحانہ جھڑپ کے دوران اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ دہشت گرد، کردستان میں موجود ایک دہشت گرد گروہ کے لیے کام کر رہے تھے۔ بیان کے مطابق یہ دہشت گرد جمعرات کی شام مارے گئے اور ان کے پاس سے دو بندوقیں، مارٹر گولے اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …