جمعرات , 25 اپریل 2024

سعودی عرب کو انسانی مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں، ترجمان انصاراللہ

انصار اللہ یمن کے ترجمان اور امن مذاکرات کار ٹیم کے سربراہ محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد، وسیع البنیاد اور منصفانہ امن کے قیام میں سنجیدہ نہیں ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں انصار اللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اس کے حامیوں میں انسانی معاملات کو دیگر معاملات سے الگ کرنے کا رجحان دکھائی نہیں دیتا۔

انہوں نے کہاکہ ایسی صورت میں وسیع البنیاد اور منصفانہ امن کا قیام ممکن نہیں۔

محمد عبدالسلام نے واضح کیا کہ انصار اللہ انسانی مسائل کو فوجی اور سیاسی سودے بازی کے لیے استعمال کیے جانے کی مخالف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انسانی مسائل کو جزوی نہیں بلکہ مستقل اور پائیدار بنیادوں پر حل کیے جانے کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ یمن کی وزارت انسانی حقوق نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب کی جارحیت کے آغاز سے اب تک تینالیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور عورتوں کی بھی قابل ذکر تعداد شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ مغربی ایشیا کے غریب عرب اور اسلامی ملک یمن کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی غیر قانونی جنگ اور جارحیت ساتویں سال میں داخل ہوگئی ہے۔

سعودی عرب نے چھبیس مارچ دوہزار پندرہ کو متحدہ عرب امارات اور بعض دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر یمن کے خلاف جارحیت اور اس ملک کے سمندری اور فضائی محاصرے کا آغاز کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …