جمعہ , 18 جون 2021

بحیرہ عرب میں طوفان، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان

کراچی: جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان سے متعلق جاری چوتھے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان ‘تاوتے’ کی شکل اختیار کر گیا ہے، جو اس وقت کراچی سے ایک ہزار 460 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو بڑھ کر 100 کلومیٹر تک بھی جا رہی ہے۔

بیان کے مطابق آئندہ 12 سے 18 گھنٹے میں طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور 18 مئی کی صبح بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندر میں موجودہ صورتحال اور سسٹم کے اثرات کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ سسٹم کے باعث 17 سے 20 مئی کے دوران ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکورٹ اور سانگھڑ میں بادل برس سکتے اور یہاں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

اسی طرح 18 سے 20 مئی کے درمیان کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بےنظیرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد اور دادو میں بادل برسنے کا امکان ہے جہاں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 16 سے 20 مئی تک ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

دوسری جانب حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ طوفان کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔

ایک الگ نوٹی فکیشن میں محکمہ موسمیات نے 16 سے 17 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا

یہ بھی دیکھیں

محکمہ موسمیات کی کراچی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

  کراچی: چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 2 اکتوبر کو ایک نیا سلسلہ …