ہفتہ , 20 اپریل 2024

کورونا وبا؛ مزید 135 افراد جاں بحق، مجموعی اموات کی تعداد 19 ہزار 752 ہوگئی

اسلام آباد: کوروناوبا کے باعث مزید 135 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ فعال کیسز کی تعداد میں گزشتہ روز کے مقابلے کمی واقع ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 801 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,510,56 ہوگئی ہے۔

کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 566 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 882,928 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ99 ہزار 913 ، پنجاب میں 3 لاکھ 28 ہزار 775، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 27 ہزار 224، اسلام آباد میں 79 ہزار 371، بلوچستان میں 23 ہزار 931 ، آزاد کشمیر میں 18 ہزار 286 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 428 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد67 ہزار 665 ہے۔ جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 135 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 19 ہزار 752 ہوگئی ہے۔

صحت یاب مریضوں کی تعداد

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 989 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 795,511 ہوگئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …