ہفتہ , 20 اپریل 2024

واٹس ایپ نئی شرائط قبول نہ کرنے والےصارفین کے ساتھ کیا کرے گا؟

کیلفورنیا: واٹس ایپ نے اپنی متنازعہ پرائیویسی پالیسی کو 15 مئی سےلاگو کردیا ہے، لیکن جن لوگوں نے اس پالیسی کو قبول نہیں کیا ہے تو ان کے اکاؤنٹس کے ساتھ کیا ہوگا؟

رواں سال 4 جنوری کو واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نئی پرائیویسی پالیسی متعارف کرائی جس میں کچھ شرائط متنازع تھی، ان شرائط کے سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں واٹس ایپ کے لاکھوں صارفین اس کے حریف میسجنگ پلیٹ فارمز ٹیلی گرام، سنگل وغیرہ پر منتقل ہونے لگے۔

بعد ازاں واٹس ایپ نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا جس میں اس نئی پالیسی کے متعلق پھیلنے والی افواہوں کی تردید کی گئی۔ تاہم صارفین کی تمام تر مخالفت کے باوجود بالاخرواٹس ایپ نے دو دن قبل اس پالیسی کودنیا بھرمیں موجود صارفین پرلاگو کردیا ہے۔

جن صارفین نے اب تک اس پالیسی کو منظور نہیں کیا ہے ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے ساتھ کیا ہوگا یہ بات ابھی تک غیر یقینی تھی۔

لیکن فیس بک کی اس انسٹنٹ میسیجنگ ایپ نے اپنے حالیہ بیان میں نئی شرائط کو قبول نہ کرنے والے اکاؤنٹس کے بارے میں تفصیلی بیان جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق؛

آپ کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں ہوگا

کمپنی کا کہنا ہے کہ 15 مئی کے بعد بھی پالیسی قبول نہ کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹس نہ ہی ختم کیے جائیں اورنہ ہی واٹس ایپ کی کارکردگی میں فرق پڑے گا۔

صارفین کو نئی شرائط قبول کرنے کی یاد دہانی جاری رہے گی

اگر چہ کمپنی شرائط قبول نہ کرنے والے اکاؤنٹس کو ختم نہیں کر رہی لیکن، صارفین کو ایک مخصوص مدت کے بعد یاد دہانی کا نوٹی فیکیشن اس وقت تک ملتا رہے گا جب تک صارف نئی شرائط کو قبول نہیں کرلیتا۔

جب تک آپ نئی اپ ڈیٹس کو قبول نہیں کر لیتے اس وقت تک آپ کو واٹس ایپ کے افعال محدود ہونے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ استعمال کنندگان اپنی چیٹ لسٹ تک رسائی کے اہل نہیں ہوں گے، تاہم وہ وائس اورویڈیو کالز کا جواب دے سکتے ہیں۔

تاہم ایسے صارفین جنہوں نے نوٹی فیکیشن کےفیچر کو موثر رکھا ہوا ہےوہ نوٹی فیکیشن میں آنے والے پیغامات کو پڑھنے، جواب دینے کے ساتھ مِسڈ کالز کا جواب بھی دے سکتے ہیں۔

کمپنی کی نئی شرائط کے حوالے سے وضح کردہ FAQ(زیادہ پوچھے جانے والے سوالات) میں واضح لکھا ہوا ہے کہ کمپنی کچھ ہفتوں بعد ایسے صارفین کو کال اور پیغامات بھیجنے کا سلسلہ بھی بند کردے گی۔

ایسے صارفین جو نئی پرائیویسی اپ ڈیٹ کو قبول نہیں کرنا چاہتے تو وہ اینڈرائیڈ یا آئی فون پر موجود اپنی چیٹ ہسٹری کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اگر آپ نے واٹس ایپ اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا تو پھرآپ اپنی چیٹ ہسٹری اور بیک اپ کو دوبارہ حاصل نہیں کر سکتے۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …