اتوار , 17 اکتوبر 2021

پی ایس ایل: 10 سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی خصوصی اجازت

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کے لیے 10 سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی خصوصی اجازت دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے لیے سی اے اے کو درخواست دی تھی۔

سی اے اے نے پی سی بی کی درخواست پر 10 کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی۔

ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے سری لنکن کھلاڑیوں کی آمد کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ کھلاڑی قطر ایئرویز کی پرواز سے کراچی پہنچیں گے اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔

کھلاڑی پاکستان میں ویکسی نیشن اور قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد 26 مئی کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان نے سفری پابندیوں کے حوالے سے ممالک کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کر رکھا ہے۔

ان میں کیٹیگری ‘سی’ میں شامل ممالک کے مسافروں پر پاکستان آنے پر پابندی عائد ہے جن میں سری لنکا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کروانے کی منظوری مل گئی ہے۔

ٹورنامنٹ 5 جون سے ابوظبی میں شروع ہونے کا امکان ہے اور ایونٹ کا فائنل ممکنہ طور پر 20 جون کو ہو گا تاہم حتمی شیڈول کا پی سی بی کی جانب سے جلد اعلان متوقع ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کا ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کا فیصلہ

بلغراد: نمبر ون ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کا فیصلہ کر …