جمعہ , 19 اپریل 2024

پاکستان میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم کا پہلا کیس رپورٹ

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی بھارت میں پائے جانے والے قسم کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

ترجمان وفاقی وزارت صحت ساجد شاہ نے ایک جاری بیان میں کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے بھارتی ویریئنٹ کا کیس تشخیص کیا تھا جس کے لیے مئی 2021 کے پہلے تین ہفتوں کے دوران ایس او آر ایس کووڈ-2 نمونے حاصل کیے گئے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘نتائج سے تصدیق ہوئی کہ سات نمونے جنوبی افریقی اور ایک کیس بھارتی جراثیم سے متاثرہ ہے۔

وزارت صحت نے کہا کہ یہ پاکستان میں بھارتی قسم کا پہلا کیس ہے۔

ساجد شاہ نے کہا کہ پرٹوکولز کے مطابق فیلڈ ایپڈومولوجی اور ڈیزیز سرویلنس ڈویژن اور اسلام آباد کی ضلعی صحت کی انتظامیہ کی جانب سے تمام مثبت آنے والے کیسز کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سامنے آنے والے جراثیم کی مسلسل رپورٹس کے بعد گائیڈ لائنز، ماسک کا استعمال اور ویکسینیشن کی اشد ضرورت عیاں ہو رہی ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے رواں ماہ کے اوائل میں بی پوائنٹ ون پوائنٹ سکس ون سیون کو عالمی سطح پر قابل تشویش ویریئنٹ قرار دیا تھا۔

بھارت کے سینئر ویرولوجسٹ شاہد جمیل نے کہا تھا کہ کورونا کی اس قسم کے دو خطرناک پہلو ہیں جو انسانی سیلز سے منسلک ہیں۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا تھا کہ بی 1.617 پہلی مرتبہ گزشتہ برس بھارت میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ پہلی قسم کی نشان دہی اکتوبر 2020 میں ہوئی تھی۔

بعدازاں وائرس مختلف ممالک میں پھیل گیا تھا اور کئی حکومتوں نے بھارت کے ساتھ آمد و رفت محدود کردی تھی۔

بھارت میں کورونا وائرس نے تباہی مچادی تھی اور ایک وقت میں روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ میڈیا رپورٹس میں حقیقی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ بتائی جارہی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …