ہفتہ , 20 اپریل 2024

نہتے فلسطینی مظاہرین پر صیہونی فوج کی فائرنگ، ایک نوجوان شہید

غزہ: مشرقی غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق چھبیس سالہ فلسطینی نوجوان جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب لیلۃ الغضب کے نام سے ہونے والے مظاہروں میں شریک تھا کہ اسی وقت صیہونی فوجیوں نے گولی مار کر اسے شہید کردیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق لیلۃ الغضب کے نام سے ہونے والے پرامن مظاہرے پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں پانچ بچوں سمیت پندرہ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، جبکہ چار کی حالت بھی چنداں ٹھیک نہیں ہے۔

اسکے علاوہ دس افراد آنسوگیس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔

فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف غزہ اور مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی سرحدوں پر مظاہروں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔

دوسری جانب اسلامی استقامتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ لیلۃ الغضب کے عنوان سے رات کے وقت مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حماس کے سینیئر رہنما اسما‏عیل رضوان نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ غزہ کا محاصرہ ختم ہونے تک شبانہ مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے گزشتہ شب پرامن مظاہرین پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اس سے پہلے دیگر فلسطینی رہنماؤں نے بھی اپنے بیانات میں کہا تھا کہ غزہ کی سرحدوں پر شبانہ مظاہروں کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسرائیل اپنے مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ ترک نہیں کر دیتا۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فوجیوں نے غرب اردن پر حملے کیے ہیں جس کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ ان کی شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف آنسوگیس کے استعمال کے ساتھ ساتھ جان لیوا گولیاں بھی چلائی ہیں۔

اسرائیلی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں سے درجنوں فلسطینیوں کو اغوا بھی کرلیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی صیہونی فوجیوں نے نابلس کے علاقے بیتا میں فلسطینی مظاہرین کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …