ہفتہ , 20 اپریل 2024

طالبان نے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر دیا

کابل: افغانستان پر کنٹرول کے بعد جہاں طالبان کی جانب سے حکومت سازی کا عمل جاری ہے وہیں مختلف افغان رہنماوں کے ناموں سے منسوب مقامات کے ناموں کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔

روسی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے دارالحکومت کابل میں واقع حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر دیا ہے اور ہوائی اڈے سے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بورڈز بھی ہٹا دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق طالبان نے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر کے کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھ دیا ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر بھی زیر گردش ہیں تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ طالبان نے افغانستان کی ایک مشہور فیلڈ سے طالبان مخالف مرحوم افغان جنگجو احمد شاہ مسعود کی تصاویر بھی ہٹا دی ہیں۔

خیال رہے کہ طالبان کے افغانستان پر مکمل کنٹرول کے بعد کابل ایئرپورٹ پر افراتفری کا عالم تھا اور 30 اگست کو امریکی فوج کے انخلا سے قبل ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکیوں اور افغان شہریوں نے افغانستان کو چھوڑا۔

امریکی انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہو گیا تھا تاہم قطر اور ترکی کی جانب سے تکنیکی ٹیمیں بھیج کر کابل ایئرپورٹ کا نظام دوبارہ فعال بنایا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …