منگل , 19 اکتوبر 2021

امریکی انخلا کے بعد کابل سے پہلی کمرشل پرواز مسافروں کو لے کر دوحہ پہنچ گئی

کابل: افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد کابل سے پہلی کمرشل پرواز مسافروں کو لے کر دوحہ پہنچ گئی۔

خبرایجنسی کے مطابق کابل سے روانہ ہونے والی قطر ائیر لائن کی پہلی کمرشل پرواز 100 سے زائد مسافروں کو لے کر دوحہ پہنچی جس نے جمعرات کے روز حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ کابل سے دوحہ ایئرپورٹ پہنچنے والی پرواز میں 113 مسافر سوار تھے جس میں کینیڈا، امریکا، یوکرین، جرمنی اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے شہری شامل تھے، ان مسافروں کو دوحہ کے ذریعے منتقل کیا جارہا ہے اور کسٹم کلیئرنس کے بعد انہیں عارضی طور پر دوحہ میں رکھا جائے گا۔

اس سے قبل اعلیٰ قطری عہدیدار کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ مکمل طور پر آپریشنل ہوچکا ہے، ائیرپورٹ 90 فیصد آپریشنز کے لیے تیار ہے تاہم اسے بتدریج کھولا جارہا ہے۔

قطری عہدیدار کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ کا مکمل آپریشنل ہونا افغانتسان کی تاریخ میں ایک تاریخی دن ہے، ہم نے بہت سے مسائل کا سامنا کیا ہے مگر اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ ایئرپورٹ جہازوں کی آمدورفت کے لیے بالکل فٹ ہے۔

دوسری جانب افغانستان کی عبوری حکومت کے نامزد نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ایئرپورٹ کو آپریشنل بنانے میں مدد کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد مستقبل قریب میں ایئرپورٹ کمرشل پروازوں سمیت ہر قسم کی پروازوں کے لیے تیار ہوگا۔

 

یہ بھی دیکھیں

ایرانی و ہندوستانی وزرائے خارجہ کی ملاقات، باہمی تعاون کے مزید فروغ کے لئے پر عزم

نیویارک: اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل …