جمعہ , 19 اپریل 2024

راشد خان نے افغانستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کی کپتانی چھوڑدی

افغانستان کی جانب سے آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کرنے کے آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں راشد خان نے کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلانن کردیا۔

ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘سلیکشن کمیٹی اور اے سی بی نے ٹیم کے لیے میری رضامندی حاصل نہیں کی جس کا اعلان اے سی بی میڈیا نے کیا ہے’۔

کہا جارہا ہے کہ ٹیم کی قیادت اب آل راؤنڈر محمد نبی کریں گے۔

راشد خان کو اے سی بی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے جاری کی گئی ٹیم میں کپتان نامزد کیا گیا تھا تاہم انہوں نے اے سی بی کی ٹوئٹ کے 22 منٹ بعد پوسٹ کی گئی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔

اس سے قبل جولائی میں چیف سلیکٹر اسد اللہ خان نے بورڈ میں ‘بہت زیادہ رکاوٹ’ اور ‘کرکٹ نہ کھیلنے والے عہدیداروں’ کی مداخلت جنہیں ‘کھلاڑیوں اور انتخاب کے بارے میں کوئی معلومات نہیں’ کا حوالہ دیتے ہوئے استعفیٰ دیا تھا اور اسی کو انہوں نے عہدہ چھوڑنے کے فیصلے کی بنیادی وجہ بتائی تھی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے افغانستان کے اسکواڈ میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے ماضی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم حالیہ دنوں میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں رہے ہیں۔

اس میں محمد شہزاد بھی شامل ہیں جو 2019 کے آخر میں ایک سال کے لیے معطل رہے تھے اور اگست 2020 سے کھیلنے کے لیے اہل ہوئے۔

اس کے علاوہ شاپور زدران اور دولت زدران کو بھی چنا گیا، شاہ پور زدران نے آخری بار مارچ 2020 میں افغانستان کے لیے ایک ٹی ٹوئنٹی، دولت نے ستمبر 2019 میں کھیلا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جاری کردہ اسکواڈ میں 18 کھلاڑی ہیں جن میں سے صرف دو کو ریزرو کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے قواعد کے مطابق ہر ٹیم کو 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ایک اسکواڈ کا نام سامنے لانا ہوتا ہے۔

اپریل 2021 میں آئی سی سی نے کووڈ 19 وبائی امراض کے ردعمل کے طور پر آئی سی سی ایونٹس کے لیے ٹیموں کے اسکواڈ کا حجم 23 سے بڑھا دیا تھا۔

راشد کے کپتانی سے مستعفی ہونے اور کھلاڑیوں کی تعداد 15 کی حد سے اوپر ہونے سے افغانستان کے اسکواڈ میں ممکنہ طور پر تبدیلیاں آئیں گی۔

افغانستان کی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز مارچ 2021 میں زمبابوے کے خلاف تھی، اس دوران اصغر افغان نے ٹیم کی قیادت کی۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …