بدھ , 24 اپریل 2024

پاکستانی زائرین کی ایران آمد کا سلسلہ شروع

تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے سرحدی علاقے ریمدان بارڈر ٹرمینل کے ڈائریکٹر محمد شریف کریمی نے کہا ہے کہ 499 پاکستانی زائرین مشہد مقدس، قم اور دیگر مقامات کی زیارت کیلئے ایران پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ  کی وجہ سے اس سے پہلے زائرین کی آمد کو روک دیا گیا تھا اور ریمدان سرحد پر زائرین کی بھیڑ کی وجہ سے کورونا ایس او پیز کے دائرے میں بارڈر کو کھول دیا گیا اور پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد ایران میں داخل ہو گئی۔

واضح رہے کہ ایران میں پاکستانی زائرین کو ہر قسم کی سہولیات دی جاتی ہیں اور گزشتہ ماہ میرجاوہ سرحدی علاقے میں آستان قدس رضوی کے تعمیر کردہ زائر سرا کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔

کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے ایکزیکیوٹیو ڈائیرکٹر محمد حسین استاد آقا نے اس موقع پر بتایا کہ یہ زائر سرا 60 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں 5100 مربع میٹر پر عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ اس زائر سرا میں بیک وقت تین ہزار زائرین کے ٹھہرنے کی گنجائش موجود ہے۔

زائر سرا کی تعمیر کا ہدف ان زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا اور ان کی شائستہ طور پر میزبانی کرنا ہے اور اس میں زائرین کو درکار آرام و آسائش کی متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …