جمعہ , 19 اپریل 2024

وزیراعظم کی ملک کا سب سے بڑا ‘ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام’ لانچ کرنے کی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک کا سب سے بڑا ‘ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام’ لانچ کرنے کی منظوری دے دی۔ عمران خان نے سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کو ملاقات کیلئے بلا لیا۔

حکومت 6 دسمبر کو پاکستان کا بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے معاون خصوصی عثمان ڈار کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تیاریوں پر بریفنگ کے لیے بلایا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کا بھی اس پروگرام سے متعلق حکومت سے رابطہ ہوا ہے اور ان کی جانب سے پاکستانی ٹیلنٹ کی انٹرنیشنل معیار کے مطابق کوچنگ کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے معاون خصوصی عثمان ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر سپورٹس کے شعبے کو آگے لے کر جائیں گے، کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ملک بھر میں سپورٹس کمپلیکس کو متحرک کر رہے ہیں، یونیورسٹیوں کے طلباء ان کھیلوں میں شرکت کریں گے۔

معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو سپورٹس کے میدان میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے، پاکستان میں سپورٹس کلچر کو پروان چڑھایا جائے گا، 2 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، ایک لاکھ نوجوان فنی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔

عثمان ڈار نے کہا ہم سندھ کے نوجوانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، یونیورسٹی کرا چی میں فٹبال کی اکیڈمی بنائی جائے گی، ہر صوبے میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نیا ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کھیلوں کے شعبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …