جمعرات , 25 اپریل 2024

اشتعال انگیزی، تشدد کے تدارک کے لئے سیالکوٹ کی صنعت کے نئے ایس او پیز

سیالکوٹ: سیالکوٹ کی کاروباری برادری نے فیکٹریوں میں پروڈکشن آپریشنز کے لیے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں سری لنکن فیکٹری مینیجر کے قتل جیسے المناک واقعے سے بچا جا سکے۔

غیر ملکی شہریوں پر مشتمل عملے والی برآمد کنندہ کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی گارڈز کو مستقبل میں ایسی کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تربیت دی جائے۔

سیالکوٹ کے تاجر رہنماؤں کا ایک ہنگامی اجلاس ہفتہ کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے دفتر میں چیمبر کے صدر میاں عمران اکبر کی زیر صدارت ہوا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے شرکا فکر مند تھے کہ وہ دنیا بھر میں خاص طور پر مغربی ممالک میں اپنے غیر ملکی صارفین کے سامنے تشدد سے قتل کے واقعے کی وضاحت کیسے کریں گے۔

ایس سی سی آئی کے صدر عمران اکبر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہ سیالکوٹ کی برآمدی صنعت پر جمعے کے واقعے سے لگنے والے داغوں کو بھرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقامی تاجروں نے کچھ اہدافی اقدامات اٹھا کر صنعت کو صورتحال سے نکالنے کے لیے پرعزم تھے اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ‘جو اس طرح کے اقدامات کے نافذ ہونے تک میڈیا کو بتائے نہیں جاسکتے’۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیکٹری ورکرز کی کونسلنگ کے لیے مذہبی دانشوروں اور علمائے کرام کے لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا جس میں انہیں انسانی زندگی اور اسلام کی تعلیمات کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

عمران اکبر نے کہا کہ اگرچہ وہ سیالکوٹ کی صنعت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد کے بارے میں کوئی ڈیٹا شیئر نہیں کر سکتے لیکن تمام غیر ملکی دفتری ملازمتیں کر رہے تھے اور ان میں سے کوئی بھی مشینوں کی تیاری یا کام کا حصے میں نہیں ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کو ملازمت دینے والی فیکٹریوں کے مالکان سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایسے عملے کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کریں۔

ذرائع سے معلوم ہوا کہ کچھ کاروباری افراد نے چیمبر آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو تجویز دی ہے کہ فیکٹریوں، کام کی جگہوں اور دفاتر میں کسی قسم کا مذہبی مواد چسپاں نہ کرنے دیا جائے تا کہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جاسکے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …