جمعہ , 19 اپریل 2024

بھارت: دائرہ اسلام سے خارج وسیم رضوی نے ہندو مذہب اپنا لیا

غازی آباد: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں متنازع شخصیت وسیم رضوی جسے توہین مذہب اور گستاخی کا مرتکب ہونے پر دائرہ اسلام سے خارج کردیا گیا تھا، اب ہندو مذہب اپنا لیا ہے۔

اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے غازی آباد کے ایک مندر میں اپنے ہندو دوست نار سنگھ آنند سروسوتی کے ہاتھوں ہندو مذہب اختیار کیا اور اس کا نیا نام جتندر نارائن سنگھ تیاگی ہوگا۔

ہندو مذہب میں شمولیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جتندر تیاگی (سابق وسیم رضوی) نے کہا کہ ’مجھے اسلام سے خارج کردیا گیا تھا، ہر جمعے کو میرے سر کی قیمت بڑھادی جاتی تھی۔ آج میں نے سناتن دھرم قبول کرلیا ہے۔‘

اس حوالے سے آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے مرکزی صدر چکراپانی مہاراج کا کہنا ہے کہ ’سابق مسلمان وسیم رضوی کے سناتن دھرم میں آنے کا خیر مقدم کرتے ہیں، اب وہ ہمارے دھرم کا حصہ ہیں کسی کو ان کیخلاف فتویٰ جاری کرنے کی جرأت نہیں ہونی چاہیے، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ انہیں مناسب سکیورٹی فراہم کریں۔‘

خیال رہے کہ جتندر تیاگی (سابق وسیم رضوی) نے قرآن کی 26 آیات پر اعتراض اٹھایا تھا اور سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ انہیں قرآن سے حذف کرا دیا جائے تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے یہ درخواست مسترد کردی تھی۔

اس کے علاوہ ملعون وسیم رضوی نے ایک کتاب بھی لکھی تھی جو توہین رسالت کے زمرے میں آتی ہے۔

جتندر تیاگی (سابق وسیم رضوی)کا دعویٰ ہے کہ اسے کتاب لکھنے اور آیات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے بعد دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اس حوالے سے اس نے ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کیا تھا جس میں اس نے کہا تھا کہ ’ہندوستان کے اندر اور باہر مجھے مارنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ مجھے کسی قبرستان میں جگہ نہیں دی جائے گی۔ اگر میں مر جاؤں تو میری لاش میرے ہندو دوست نارسنگھ آنند سروسوتی کے سپرد کی جائے اور وہی میری لاش کو چتا بناکر اسے اگنی دے تاکہ شانتی بنی رہے۔‘

خیال رہے کہ کوئی شخص مذہب اسلام کو چھوڑ کر دوسرے مذہب کو اختیار کرلے یا توحید و رسالت کا انکار کر بیٹھے یا ضروریات دین سے منکر ہوجائے یا ایسے عقائد وافعال کو اختیار کرے کہ جو انکارِ قرآن اور انکارِ رسالت کے ہم معنی ہوں، ایسا شخص مرتد کہلاتا ہے۔

 

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …