ہفتہ , 20 اپریل 2024

فلسطینی تنظیموں نے اقوام متحدہ سے تحفظ کا مطالبہ کیا

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین کی قریب ڈیڑھ سو سول اور مدنی تنظیموں نے اقوام متحدہ سے صیہونی حکومت کے حملوں کے مقابلے میں تحفظ کی فراہمی اور صیہونیوں کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کے لئے ایک بین الاقوامی محاذ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

القدس العربی کے مطابق فلسطین کی ایک سو پینتالیس مدنی تنظیموں نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں مقبوضہ علاقوں میں بسے غیر قانونی صیہونی آبادکاروں اور غاصب صیہونی حکومت کے بڑھتے حملوں کے مقابلے میں اقوام متحدہ سے فوری طور پر تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

فلسطینی تنظیموں کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونیوں کے حملے در حقیقت اسکی بے لگام نسل پرستانہ ماہیت کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ فلسطینی عوام کے خلاف ایک سسٹمیٹک اور آشکارا جنگ ہے۔

خیال رہے کہ ہفتہ کی شب صیہونی غاصبوں نے فلسطینی مظاہرین پر حملہ کر کے انہیں فائرنگ اور شیلنگ کا نشانہ بنایا جس میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔

اُدھر اطلاعات ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت کی بحریہ نے غزہ کے شمال میں فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کی ہے۔ ذرائع کے مطابق فلسطین کے ماہیگیر معین شدہ حدود کے اندر ہی ماہیگیری میں مصروف تھے مگر اس کے باوجود صیہونی دہشتگردوں نے اُن کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

صیہونی فوجی آئے دن فلسطینی کسانوں، باغبانوں اور ماہی گیروں کو تنگ کرتے ہیں اور انکے مال اموال، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ انکے کام کاج میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …