جمعہ , 19 اپریل 2024

پی ایس ایل 2022 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آج سے بک می ڈاٹ کام پر آغاز ہو گیا ہے۔

27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

شائقین کی سہولت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پہلی مرتبہ خصوصی پیشکش متعارف کروائی ہے جس کے تحت 17جنوری تک بک کی جانے والی فرسٹ کلاس اور جنرل اسٹینڈز کی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دی جائے گی، ان میں پلے آف یا فائنل کے ٹکٹ شامل نہیں ہوں گے۔

ٹکٹ خریدتے وقت شائقینِ کرکٹ کو اپنا درست کووڈ 19 ویکسینیشن سرٹیفیکٹ لازمی دکھانا ہوگا، کوئی بھی شہری ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ چھ ٹکٹیں خرید سکتا ہے۔

اس عمل کے لیے شہری کو اپنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر لازمی دینا ہو گا جہاں ایزی پیسہ/ جاز کیش/ کریڈٹ کارڈ/ این آئی ایف ٹی کے ذریعے رقم جمع کروائی جا سکے گی۔

بک می ڈاٹ پی نے شائقین کی سہولت کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر (03137786888) بھی مختص کر دیا ہے۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق بارہ سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے کووڈ۔19 کی مکمل ویکسینیشن کا درست سرٹیفیکٹ لازمی دکھانا ہو گا۔

27 جنوری کو شیڈول ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کے لیے جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے، اس میچ کے فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے جبکہ پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ۔

ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے، پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3ہزار روپے اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 4ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح ایونٹ کے پلے آف میچز کے لیے جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے، پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کو ہاسپٹیالٹی اسٹینڈز کا درجہ دیا گیا ہے، ان اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمتیں 4ہزار سے 7ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔

البتہ ایونٹ میں چھ ڈبل ہیڈرز یعنی ایک ہی دن میں ہونے والے دو میچوں کے ایام میں ٹکٹ کی قیمتیں مختلف ہوں گی۔

ڈبل ہیڈر کے ایام میں جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار جبکہ پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار اور وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …