ہفتہ , 20 اپریل 2024

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارت کی ٹینس اسٹار اور سابق ڈبلز عالمی نمبر ایک ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ انجریز کے باعث وہ رواں سیزن کے آخر میں ٹینس سے ریٹائر ہوجائیں گی۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پریس کانفرنس کے دوران ثانیہ مرزا نے کہا کہ ‘میں فیصلہ کرچکی ہوں کہ یہ میرا آخری سیزن ہوگا، میں اس پر ہر ہفتے دیکھ رہی ہوں، مجھے یقین نہیں کہ یہ سیزن آخری ہوسکتا ہے لیکن میری خواہش ہے’۔

ثانیہ مرزا کے والد نے بھی ان کی ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی کی تصدیق کردی۔

ٹینس اسٹار نے کہا کہ ‘میں تاحال محسوس کررہی ہوں کہ میں کھیل سکتی ہوں لیکن اس سیزن کے بعد میں نہیں سمجھتی کہ میں ایسا کرپاؤں’۔

اس سے قبل 35 سالہ ثانیہ مرزا کو بھارت کی عظیم خاتون ٹینس کھلاڑی قرار دیا گیا تھا جبکہ آسٹریلین اوپن کے ڈبلز کے پہلے مرحلے میں یوکرین کی نادیا کیچونوک کے ہمراہ شکست کھا گئیں۔

ٹینس کے ڈبلز مقابلوں میں 6 گرینڈ سلیم جیتنے والی ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن میں امریکا کے راجیو رام کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں حصہ لے رہی ہیں اور جمعرات کو پہلے مرحلے کا مقابلہ ہوگا۔

ثانیہ مرزا نے آخری مرتبہ گزشتہ برس ستمبر میں اوسٹراوا اوپن میں چین کی ژینگ شوائی کے ساتھ ڈبلز کا ٹائٹل حاصل کرلیا تھا۔

بھارتی ٹینس اسٹار نے کہا کہ انجریز اور اہل خانہ کی وجہ سے کیریئر مختصر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘مجھے احساس ہے کہ ریکوری میں بڑا وقت لگ رہا ہے، اپنے تین سالہ بیٹے کے ساتھ بہت زیادہ سفر کر کے میں ان کو خطرے میں ڈال رہی ہوں، اس حوالے سے مجھے سوچنا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘آج گھٹنے میں واقعی تکلیف ہورہی تھی، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اس کی وجہ سے ہارے بلکہ میں سمجھتی ہوں کہ ریکور ہونے میں وقت لگ رہا ہے اور میری عمر بڑھ رہی ہے’۔

یاد رہے کہ ثانیہ مرزا 2005 میں اپنے آبائی شہر حیدرآباد میں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی تھیں اور اسی دوران یوایس اوپن کے چوتھے مرحلے تک رسائی کی تھی۔

ٹینس اسٹار 2007 میں خواتین کی سرفہرست 30 خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئی تھیں۔

ثانیہ مرزا کو کلائی کی انجریز کے باعث ڈبلز پر توجہ دینا پڑی اور سوئٹزرلینڈ کی عظیم کھلاڑی مارٹینا ہنگیز کے ساتھ جوڑی میں تین گرینڈ سلیم حاصل کیا۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …