بدھ , 24 اپریل 2024

سانحہ پشاور کے شہیدوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

پشاور: پشاور کی شیعہ جامع مسجد میں دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

شہدائے پشاور کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں بعض مقامی حکام بھی شامل تھے۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ خاص طور سے دو کمسن شہیدوں کے جنازوں پر ان کی ماں کے بین سن کر ہر آنکھ اشک بار تھی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جنازوں کو علاقائی قبرستانوں میں دفن کردیا گیا۔ باقی ماندہ شہیدوں کی میتیں تدفین کے لیے ان کے آبائی شہروں کو روانہ کردی گئیں۔ جلوس جنازہ میں شریک لوگوں نے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ دہشتگردوں نے جن کی تعداد حکام نے تین بتائی ہے، گزشتہ روز پشاور کی امامیہ جامع مسجد میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑالیا تھا جس کے نتیجے میں 63 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی۔

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعوی کیا ہے کہ ہمارے سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے سانحہ پشاور میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگا لیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں انہوں نے دعوی کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصرکی گرفتاری جلد عمل میں آئے گی۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …