ہفتہ , 20 اپریل 2024

بیرون ملک مقیم 82 لاکھ پاکستانی نادرا سے رجسٹرڈ

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ڈیجیٹل سولیوشن فراہم کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم 82 لاکھ پاکستانیوں کے پاس اوور سیز پاکستانی شناختی کارڈ (این آئی سی او پی) موجود ہے اور انہیں نادرا میں رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اوورسیز پاکستانیز انٹرنیشنل (او پی آئی سی) کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے باہمی تعلق کا موقع گنوانا نہیں چاہتا، تاکہ ان سے سیکھتے ہوئے سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور انہیں درپیش عام مسائل سے نمٹا جائے‘۔

طارق ملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم 60 لاکھ پاکستانیوں کے پاس این آئی سی او پی اور مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہیں، ان میں سے 4 لاکھ ہزار 65 ہزارکے پاس نادرا کے ذریعے کھلے گئے ڈیجیٹل اکاؤنٹ موجود ہیں۔

نئے اقدامات اور ان کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ڈی ایپ میں فیس، فنگر پرنٹ کیپچرنگ اور دستاویزات کو اسکین کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جسے ایک لاکھ 37 ہزار استعمال کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا شہری اپنے موبائل فون میں بھی یہ ایپلی کیشن استعمال کر سکتے ہیں۔

نادرا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 84 ممالک میں آن لائن ویزا سسٹم شروع کردیا گیا ہے جبکہ اس نظام کے ذریعے 6 لاکھ افراد نے ویزا کے لیے درخواست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر شمالی امریکا اور برطانیہ میں ڈیجیٹل پورٹل کا انعقاد کیا گیا تھا، تاکہ پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کے مرحلے کو خودکار کیا جاسکے یہ سسٹم جلد ہی نادرا سے منسلک ہوجائے گا، ان کا کہنا تھا کہ نومبر سے اب تک 426 پاکستانی یہ سہولت حاصل کرچکے ہیں۔

اس موقع پر طارق ملک نے نادرا کی سینٹرلائز کمپلینٹ منجمنٹ سسٹم ( ایس سی سی ایم ایس) کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نادرا کی سہولیات اور منصوبوں سے متعلق شکایات درج کرواسکتے ہیں،

ان کا کہنا تھا کہ مؤثر میکنزم کے ساتھ این سی سی ایم ایس میں ایسے خدوخال موجود ہیں جو درکار وقت میں شکایتیں حل نہ ہونے پر اسے کو آگے بڑھاتا ہے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکٹریری برائے بین الاقوامی امور عبداللہ ریار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کے لیے حکومت کی کوششوں سراہتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کی ترسیلات آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے تاریخی اقدامات کرنے پر موجودہ حکومت کا شکریہ ادا کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں ملک سے دور رہنے والے پاکستانی اور ان کے زیر کفالت افراد کی بہتری کے لیے متعدد منصوبے اور سکیموں کا آغاز کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ ملک کی 5 فیصد آبادی بیرون ملک مقیم ہے جو 30 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات پاکستان بھیج رہی ہے اور یہ ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کا وقار بحال کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …