جمعہ , 19 اپریل 2024

بائیڈن کو چاہیے کہ وہ ٹرمپ کے غیر قانونی اقدامات کی اصلاح کریں، ایران

تہران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے آئرش ہم منصب سائمون کاونی کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ایران حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی راستے کو جاری رکھے گا ۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے آئرش ہم منصب سائمون کاونی کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ایران حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی راستے کو جاری رکھے گا، اس لئے امریکہ کو چاہئیے کہ وہ سیاسی اقدام کی طرف قدم اٹھائے اور اپنے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر قانونی رویے کی اصلاح کرے۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی ترقی کی رفتار کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مشاورت کے سلسلے کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اہم ترین بین الاقوامی مسائل بالخصوص ویانا مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے یوکرین کے بحران کے بارے میں کہا کہ ہم جنگ اور لوگوں کے بے گھر ہونے کی مخالفت کرتے ہیں، خواہ وہ یوکرین، یمن، فلسطین، افغانستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں ہوں، اور ہم سمجھتے ہیں کہ پائیدار امن اور سلامتی کے حصول کے لیے ہمیں سیاسی حل کی راہ پر گامزن ہونا چاہیے۔

انہوں نے ویانا مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، ویانا مذاکرات میں ایک اچھا، مضبوط اور دیرپا معاہدہ چاہتا ہے جس کا مقصد پابندی کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فریق کو حقیقت پسندی سے کام لینا چاہیے اور ٹرمپ کے غیر قانونی رویے کی اصلاح کے لیے پہل کرنی چاہیے اور سیاسی پہل کی راہ میں آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنی ریڈ لائنز کے فریم ورک کے اندر کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی راستہ جاری رکھیں گے۔

آئرلینڈ کے وزیر خارجہ نے یوکرین میں جنگ کی وجہ سے بین الاقوامی کشیدگی میں اضافے کو تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے ویانا مذاکرات کا بھی حوالہ دیا اور مذاکرات کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے سیاسی اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔

انہوں نے ایک اچھے معاہدے تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا جو ویانا میں ایران اور تمام مذاکراتی فریقوں کے مطالبات کو پورا کرتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک بین الاقوامی سطح پر کشیدگی کو کم کرنے میں کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کرے گا، خاص طور پر ویانا مذاکرات میں کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …