بدھ , 24 اپریل 2024

اپنے کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا، وزیراعظم شہباز شریف کا کے پی میں خطاب

بشام: وزیراعظم شہباز شریف نے شانگلہ کے علاقے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نواز شریف کے شیر کے گھر آیا ہوں، خیبرپختونخوا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے۔

انہوں نےکہا کہ جب تک میری جان میں جان ہے دن رات انتھک کام کروں گا اور انشااللہ کے پی کو عظیم صوبہ بنا کر دم لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں اتنا عرصہ تحریک انصاف کی حکومت رہی کتنے اسپتال بنے مفت علاج کیے؟ یہاں جو وزیراعلیٰ ہیں وہ سستا آٹا فراہم کریں، اگر کر دیں گے تو شکر گزار ہوں گا، نہیں کریں گے تو اپنے کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی ہر دکان پر سستا آٹا مہیا کرنے کا طریقہ آتا ہے، اگلے ایک دو دن میں آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہوگی وہی کے پی میں ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک جب ترقی کرے گا جب پنجاب کے ساتھ خیبرپختونخوا بھی ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ غداری اورحب الوطنی کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں، عمران خان اپنی تقریروں میں چار سالہ کارکردگی کی بات نہیں کرتا۔

محنت اور خون پسینا ایک کرنے سے ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا، شہباز شریف
شہباز شریف نے کہا کہ کب تک ہم کشکول لے کر پھریں گے ،بھیک مانگیں گے،کشکول لے کر پھرنے سے عزت نہیں ملتی، 75 سال گزر گئے ،رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا،محنت اور خون پسینا ایک کرنے سے ہمارا بھکاری پن ختم ہوگا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے شانگلہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا جبکہ بشام کو 2 ارب گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا، اس کے علاوہ انہوں نے پوران گرڈاسٹیشن3 ماہ میں بنانےکا بھی اعلان کیا۔

جب تک وزیراعظم رہا،عوام سے جھوٹ نہیں کہوں گا، وزیر اعظم
شہبازشریف نے کہا کہ جب تک وزیراعظم رہا،عوام سے جھوٹ نہیں کہوں گا،جھوٹے وعدے نہیں کروں گا،اگر غلطی ہوئی تو عوام کو گواہ بنا کر معافی مانگوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی سمیت پورے ملک میں مفت ادویات فراہم کریں گے، پچھلی حکومت نے تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے،4سال میں کہیں کسی نئے منصوبے کی کوئی ایک نئی اینٹ نہ لگی جبکہ نوازشریف کے منصوبوں پر صرف تختیاں لگائی گئیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ان بزرگوں کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی کہ یہ وہ پاکستان نہیں جس کیلئے ہم نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …