بدھ , 30 نومبر 2022

وزیراعظم کِشیدا کا نیٹو سربراہ اجلاس میں شرکت کا امکان 10 گھنٹہ قبل

اطلاعات کے مطابق رواں ماہ اسپین میں ہونے والے نیٹو سربراہ اجلاس میں جاپانی وزیراعظم کِشیدا فومیو کی شرکت کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اگر اس منصوبے پر عملدرآمد ہوا تو جناب کِشیدا نیٹو اتحاد کے اجلاس میں شرکت کرنے والے پہلے جاپانی رہنما ہوں گے۔

وزیراعظم 26 سے 28 جون تک جرمنی میں ہونے والے گروپ آف سیون ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے ہیں۔ نیٹو کا سربراہ اجلاس اسپین کے میڈرڈ شہر میں 29 اور 30 جون کو منعقد ہو گا۔

امریکہ اور دیگر یورپی ممالک کے ساتھ ساتھ جاپان نے بھی روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور یوکرین کی مدد کر رہا ہے۔

جاپان دیگر ایشیائی ممالک سے بھی تعاون پر زور دے رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ جناب کِشیدا نیٹو ارکان کو تفصیل سے آگاہ کریں گے کہ جاپان یوکرین کی صورتحال پر دیگر ممالک کے ہم پلہ اقدامات جاری رکھے گا۔ توقع ہے کہ چین اور شمالی کوریا کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ جاپان کے اس مؤقف کا اعادہ بھی کریں گے کہ دنیا بھر میں کسی بھی جگہ پر موجودہ علاقائی حیثیت کو بزور طاقت تبدیل کرنے کی کوئی بھی یکطرفہ کوشش برداشت نہیں کی جانی چاہیے۔

وہ جاپان کے دفاعی اخراجات میں اضافے کے منصوبے کے حوالے سے بھی نیٹو ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔

چونکہ جاپان نیٹو کا رکن ملک نہیں ہے اس لیے امکان ہے کہ وزیراعظم کِشیدا اس اجلاس میں شرکت کے فوائد پر غور و خوض جاری رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ مؤخر رکھیں گے کیونکہ جاپانی پارلیمان کے ایوان بالا کے انتخابات قریب آ رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

فلسطین کے چپے چپے کی آزادی ہمارے قومی حقوق میں سرفہرست ہے:خالد مشعل

مقبوضہ بیت المقدس:اسلامی تحریک مزاحمت [حماس‘ کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل نے …