بدھ , 24 اپریل 2024

دنیا میں پہلی بار تھری ڈی پرنٹڈ کان کی کامیابی سے پیوندکاری

دنیا میں پہلی بار طبی ماہرین نے تھری ڈی پرنٹر سے تیار کردہ کان کی پیوندکاری کامیابی سے ایک مریض میں کی گئی ہے۔

 

یہ تھری ڈی پرنٹڈ کان مریض کے اپنے خلیات سے تیار کیا گیا تھا۔

اس مریض کا ایک کان پیدائشی طور پر خراب تھا اور اس کا آپریشن ایک کلینکل ٹرائل کے تحت ہوا۔

اب بھی اس تیکنیک کے عام استعمال کے راستے میں کئی رکاوٹیں حائل ہیں مگر ماہرین نے اسے طبی سنگ میل قرار دیا ہے۔

بائیو ٹیکنالوجی کمپنی 3 ڈی بائیو نے اس تیکنیک کو تیار کیا اور اس کے سی ای او ڈان کوہن نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہے جب ایک کمپنی نے ایک تھری ڈی پرنٹڈ عضو کی کسی مریض میں پیوندکاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ایک زبردست پیشرفت ہے جس سے اس طرح کے پیدائشی نقص سے متاثر مریضوں کی مدد کی جاسکے گی۔

اس آپریشن کا حصہ بننے والے سرجن ارٹورو بونیلا نے کہا کہ کانوں کی بحالی کا یہ نیا طریقہ کار علاج کو بہت آسان بنادے گا کیونکہ ابھی اس کے لیے بہت پیچیدہ سرجری کی ضرورت ہوتی ہے۔

فی الحال یہ آپریشن ایک کلینکل ٹرائل کے دوران کیا گیا تھا / فوٹو بشکریہ 3 ڈی بائیو
فی الحال یہ آپریشن ایک کلینکل ٹرائل کے دوران کیا گیا تھا / فوٹو بشکریہ 3 ڈی بائیو
یہ کان ایک 20 سالہ خاتون الیکسا کے لگایا گیا تھا اور انہوں نے بتایا کہ نوجوانی میں لوگوں کی باتوں نے انہیں پریشان کردیا تھا مگر اب وہ خود کو زیادہ پراعتماد محسوس کررہی ہیں۔

اس طریقہ کار کے لیے پہلے کانوں کی ہڈی کی تشکیل کے لیے ضروری خلیات کو مریض کے متاثرہ کان سے حاصل کیا گیا۔

اس کے بعد خلیات کی تعداد کو بڑھایا گیا اور پھر ان میں کولیگن پر مبنی بائیو انک مکس کرکے میڈیکل تھری ڈی پرنٹر سے کان کو پرنٹ کرلیا گیا۔

محققین کی جانب سے ابھی آپریشن کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں مگر کمپنی نے بتایا کہ ہم نے ایک کان تیار کیا اور اسے ایک مریض کے لگادیا جو زبردست پیشرفت ہے۔

یہ بھی دیکھیں

دوران پرواز میاں بیوی لڑ پڑے؛ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

نئی دہلی: سوئٹزرلینڈ سے بینکاک جانے والی پرواز میں مسافر میاں بیوی آپس میں بری …