جمعرات , 25 اپریل 2024

دعا زہرہ سندھ ہائیکورٹ میں پیش، پولیس کا والدین کو بیٹی سے ملوانے سے انکار

کراچی: چشتیاں سے حراست میں لی گئی دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کو سندھ ہائیکورٹ پہنچا دیا گیا ہے اور آج ہی کیس سماعت کی استدعا بھی منظور کر لی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دعا زہرہ کو لاہور سے کراچی منتقل کر کے ویمن پولیس کے حوالے کیا گیا جبکہ دعا زہرہ کے شوہر ظہیر کو اے وی سی سی کی حفاظتی تحویل میں دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دعا زہرہ کو آج ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ لڑکی کے والدین بھی بیٹی کی ممکنہ پیشی کے پیش نظر عدالت پہنچ گئے۔

بعد ازاں حکومت سندھ نے دعا زہرہ کو آج ہی عدالت میں پیش کرنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے باضابطہ طور پر رجوع کیا۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ دعا زہرہ کوپیش کرکے بیان ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں، عدالت دعا زہرہ کو آج ہی پیش کرنے کی اجازت دے، جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس آج ہی سماعت کے لیے منظور کر لیا۔

دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کو انتہائی سخت سکیورٹی میں سندھ ہائیکورٹ میں پیش کیا گیا، اس موقع پر دعا زہرہ کے والدین نے بیٹی سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم پولیس نے دعا زہرہ کے والدین کو بیٹی سے ملوانے سے انکار کر دیا۔

یاد رہے کہ اپریل میں کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ کو تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد گزشتہ روز چشتیاں سے بازیاب کروایا گیا تھا، دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کو لاہور کی سی آئی اے پولیس نے ایک وکیل کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرہ کو بازیاب کروا کے 10 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …