بدھ , 24 اپریل 2024

دنیا بھر میں منکی پاکس کیسز کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی

دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اب تک 29 ممالک میں منکی پاکس کے 1029 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

سب سے زیادہ کیسز برطانیہ میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 302 ہے جس کے بعد اسپین 198 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پرتگال میں 153، کینیڈا کے 80، جرمنی میں 65، فرانس میں 51، نیدرلینڈز میں 40، امریکا میں 30، اٹلی میں 20، بیلجیئم میں 17، سوئٹزرلینڈ میں 8، متحدہ عرب امارات میں 8، آسٹریلیا میں 6، آئرلینڈ میں 6، جمہوریہ چیک میں 6، سلوانیا میں 6، سوئیڈن میں 5، ڈنمارک میں 3، ارجنٹینا میں 2، فن لینڈ میں 2، اسرائیل میں 2، لٹویا میں 2، آسٹریا میں ایک، جبرالٹر میں ایک، ہنگری میں ایک، مالٹا میں ایک، میکسیکو میں ایک، مراکش میں ایک اور ناروے میں ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

دوسری جانب سے سی ڈی سی نے منکی پاکس کے حوالے سے امریکا میں لیول ٹو الرٹ جاری کردیا ہے۔

سی ڈی سی کے مطابق عام افراد میں بیماری کا خطرہ تو کم ہے مگر لوگوں کو چاہیے کہ وہ بیمار افراد کے بہت زیادہ قریب جانے سے گریز کریں۔

خیال رہے کہ یہ بیماری عموماً جان لیوا نہیں ہوتی اور اس کا آغاز بخار، مسلز میں تکلیف، لمفی نوڈز کی سوجن، کپکپی، تھکاوٹ اور ہاتھوں و منہ میں چکن پاکس جیسی خارش جیسی علامات سے ہوتا ہے۔

یہ وائرس کسی متاثرہ فرد سے جلد کے مردہ خلیات کے جھڑنے اور منہ و ناک سے خارج ہونے والے ذرات کے ذریعے دوسرے فرد میں اسی وقت منتقل ہوجاتا ہے جب وہ بہت زیادہ قریب رہے ہوں ، یا ایک ہی تولیہ اور بستر استعمال کررہے ہوں۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …