بدھ , 24 اپریل 2024

بابر اعظم کی شاندار سنچری: پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

پاکستان نے3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے 306 رن کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، بابر اعظم 103 اور امام الحق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز

مہمان ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ 127 اور شمارہا بروکس 70 رنز بناکر نمایاں رہے، ان کے علاوہ رومین پاؤل 32 ، روماریو شیفرڈ 25 اور کپتان نیکولس پوران نے 21 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز

306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا اور 26 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر فخر زمان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 103 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر امام 65 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم کپتان بابر اور نئے آنے والے بیٹر محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 237 رنز تک لے گئے۔اس دوران بابر نے ون ڈے کیریئر کی 17 ویں سنچری اسکور کی لیکن وہ 103 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ رضوان بھی 59 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے تاہم اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آخری اوور میں ٹیم کو جیت دلوائی۔

انہوں نے 23 گیندوں پر ناقابل شکست 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …