جمعرات , 25 اپریل 2024

مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں عوام کیلئے کن منصوبوں کا اعلان کیا گیا؟

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں مالی سال 23-2022 کا 95 کھرب 2 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا۔

بجٹ دستاویز کے مطابق مالی سال کے بجٹ میں عوام کے لیے کئی منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبے پر اگلے مالی سال میں 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ۔

اس کے علاوہ مہمند ڈیم کی تکمیل کے لیے 12 ارب روپے مختص جبکہ ملک میں سڑکوں اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے 395 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق صحت کے شعبے کے لیے 24 ارب روپے، شجر کاری اور ماحولیاتی تبدیلی کے منصوبوں کے لیے 10 ارب روپے رکھ دیے گئے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 65 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

وفاقی بجٹ میں شاہراہوں اور بندرگاہوں کیلئے 202 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ عوام کی زندگی بہتر بنانے کیلئے غیر مراعات یافتہ طبقے کیلئے 70 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز کی خریداری پر بینکوں سے آسان اقساط پر قرضے دلائے جائیں گے، جس سے ماحول دوست طریقے سے بجلی کا حصول ممکن ہوگا جبکہ درآمد شدہ مہنگے تیل اور گیس کے استعمال میں کمی آئے گی۔

اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں یونی ورسٹی بنائی جائے گی ، طالب علموں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ آسان قسطوں پر فراہم کیے جائیں گے ، اس مد میں 17 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مزید 10 ہزار طلبہ کو انڈر گریجویٹ وظائف دیے جائیں گے ۔

بجٹ دستاویز کے مطابق قومی بچت اسکیموں اور پنشن فنڈز کے منافع پر ٹیکس 10 فی صد سے کم کر کے پانچ فی صد کر دیا گیاہے۔

وفاقی بجٹ میں فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے بھی 21 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …