ہفتہ , 1 اکتوبر 2022

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا

پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر کلین سوئپ کرلیا۔

پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عقیل حسین 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں پر 269رنز بنائے، آل راؤنڈر شاداب خان 86 اور امام الحق 62 رنز بناکر نمایاں رہے۔

واضح رہے کہ موسم کی خرابی کے وجہ سے میچ رک جانے کی وجہ سے اسے 48 اوور فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

شاہنواز دھانی کو شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے کیپ پیش کی جس پر تمام کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد دی۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا رہا اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 85 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹےجبکہ امام بھی 62 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ محمد حارث صفر ،محمد رضوان 11 اور خوشدل شاہ 34 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

ایسے میں آل راؤنڈر زشاداب خان نےشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری بنائی لیکن وہ بھی اختتامی اوورز میں 86 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز


پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ رہا اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی گئیں۔

عقیل حسین اور کیاسی کاٹی کے علاوہ کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا۔

عقیل حسین 60 اور کیاسی کاٹی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جتوا نہ سکے ، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں 53 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاداب خان کو آل راؤنڈ کار کردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 199 رنز بنانے پر امام الحق پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ لے اُڑے۔

یاد رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے کالی آندھی کو 120 رنز کے مارجن سے ہرایا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان نے انگلینڈ کو چوتھے ٹی20 میں تین رنز سے شکست دے دی

کراچی: سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے …