جمعرات , 25 اپریل 2024

بیروت: گیس کے ذخائر پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف لبنانی شہریوں کا مظاہرہ

اپنے بیان میں لبنانی پارلیمنٹیرین کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی لبنان کے قدرتی ذخائر کی حفاظت کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے اور لبنان کی قومی سالمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بالواسطہ مذاکرات میں بھی شریک ہونگے۔
اسلام ٹائمز۔ لبنان کے قدرتی ذخائر پر صیہونی جارحیت کے خلاف لبنانی شہریوں نے مقبوضہ فلسطین کی سرحد پر مظاہرہ کیا اور اپنے ایندھن کے ذخائر کی حفاظت پر زور دیا۔ گذشتہ روز جنوبی لبنان اور مقبوضہ فلسطین کے سرحدی علاقے ”الناقورہ” کے رہائشیوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آبی وسائل کی حمایت اور لبنان-اسرائیل کے درمیان متنازعے علاقے کو فرمان نمبر 6433 میں ترمیم کرکے حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ لبنان کے سیاسی دھڑے ”قوی التغیر” سے تعلق رکھنے والے پارلیمینٹیرین بشمول ”فراس حمدان”، ”حلیمہ قعقور” اور ”ملحم خلف” نے بھی اس عوامی مظاہرے میں شرکت کی۔ عربی ذرائع ابلاغ کے مطابق، "قوی التغیر” کے نمائندوں نے 2011ء میں جاری ہونے والے حکم نامہ نمبر 6433 میں ترمیم کا مطالبہ کیا ہے، جس کی رو سے لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان متنازعہ علاقے کو 860 مربع کلومیٹر کے فاصلے کو بارڈر لائن 23 قرار دیا گیا ہے، جبکہ بارڈر لائن 23 کو بارڈر لائن 29 سے بدل دیا گیا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ لبنان کے قومی وسائل کی حفاظت کے لئے اس مسئلے کو اقوام متحدہ کے سپرد کرنا چاہیئے۔ لبنانی پارلیمنٹیرین کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی لبنان کے قدرتی ذخائر کی حفاظت کے لئے اقدامات کرتے رہیں گے اور لبنان کی قومی سالمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بالواسطہ مذاکرات میں بھی شریک ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2020ء کے اوائل میں لبنانی ایوان نمائندگان کے اسپیکر ”نبیہ بیری” نے اقوام متحدہ کے سربراہی اور امریکہ کی ثالثی میں جنوبی لبنانی کی سرحد کی حد بندی کے معاہدے کی خبر دی تھی۔ ابھی تک لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان جنوبی لبنان کے علاقے ”راس النقورہ” میں اقوام متحدہ کے امن دستے (UNIFIL) کے صدر دفتر میں بالواسطہ مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں۔ مذاکرات کا پانچواں دور 14 اکتوبر 2020ء سے 14 مئی 2021ء کے درمیان ہوا اور لبنانی وفد نے بین الاقوامی سمندری قانون کے تحت سمندری سرحدوں پر اپنے حق پر زور دیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ایک اسرائیلی جہاز قدرتی مائع گیس نکالنے کے مقصد سے کاریش گیس فیلڈ میں داخل ہوا اور لائن 29 کو عبور کرتے ہوئے لبنان کے ساتھ متنازعہ علاقے بارڈر لائن 23 کے پانچ کلومیٹر کے علاقے میں داخل ہوگیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …