ہفتہ , 1 اکتوبر 2022

پنجاب اسمبلی کے عملے کو ایوان اقبال رپورٹ کرنے کا حکم

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق آئینی بحران روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جس کی واضح مثال یہ ہے کہ اسمبلی کے پینل آف چیئرمین نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے چار سینئر افسران کو فوری طور پر ایوان اقبال میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں 14 جون سے بجٹ اجلاس جاری ہے۔

پینل آف چیئرمین کے اراکین میں سے ایک رکن خلیل طاہر سندھو نے ہدایات جاری کیں کہ اسپیشل سیکریٹری علی عمران رضوی، چیف سیکیورٹی افسر اکبر ناصر، چیف رپورٹر عمر دراز اور ڈائریکٹر اسٹیٹ عاصم چیمہ لازمی طور پر فی الفور ایوان اقبال میں رپورٹ کریں جہاں پنجاب اسمبلی کا آئینی سیشن جاری ہے اور اس کو رپورٹ کرنا ان کی آئینی ذمہ داری ہے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی عدم موجودگی میں اجلاس کی سربراہی کرنے والے خلیل طاہر سندھو نے افسران کو خبردار کیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے اجلاس کے شرکا کو یہ بھی بتایا کہ اسمبلی افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پیر (آج) کو اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہوں گے۔

پنجاب کے محکمہ قانون کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر قائم مقام اسمبلی سیکریٹری کے طور پر کام کرنے والے اسپیشل اسیکرٹری عامر حبیب، جنہوں نے گورنر کے جاری کردہ ایک آرڈیننس کے تحت انتظامی امور میں اسمبلی سیکریٹری کے اختیارات واپس لے لیے تھے، انہوں نے بھی ایوان کے سربراہی کو اسی طرح کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اسمبلی کے رپورٹنگ، اسٹیٹ اور سیکیورٹی ونگز ہفتہ کو ایوان اقبال میں رپورٹ کریں گے، تاہم متعلقہ افسران نے مبینہ طور پر احکامات پر عمل کرنے سے انکار کردیا ہے۔

تاہم اسمبلی سیکریٹری محمد خان بھٹی، جنہیں اسپیکر پرویز الٰہی نے ملازمت دی تھی، نے کہا کہ نئے احکامات کی اسپیکر کی موجودگی میں کوئی اہمیت نہیں ہے۔

اسمبلی اجلاس کے انعقاد پر بحران اس وقت شروع ہوا جب اسپیکر پرویز الٰہی نے 2 دن تک ایوان کے 40ویں اجلاس میں محکمہ خزانے کو صوبائی بجٹ پیش کرنے کے لیے نہیں کہا اور مطالبہ کیا کہ پہلے 25 مئی کے لانگ مارچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جائیں۔

دوسرے دن کی رات جب تمام حکومتی کوششیں اسپیکر اور اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ مفاہمت تک پہنچنے میں ناکام ہو گئیں تو گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اجلاس ملتوی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اسپیکر اور اسمبلی سیکریٹری کے کچھ اختیارات واپس لینے کے لیے آرڈیننس جاری کیا اور انہیں طلب کر لیا۔‎

جس کے بعد اگلے روز صوبائی بجٹ پیش کرنے کے لیے اسمبلی چیمبرز کی بجائے ایوان اقبال میں نیا اجلاس طلب کر لیا۔

یہ بھی دیکھیں

امریکہ شام میں تیل کی لوٹ مار سے باز نہیں آ رہا:شامی وزرات پٹرولیم

جدید ترین ہتھیاروں سے لیس امریکی فوجی شامی تیل لوٹنے میں مصروف ہیں ۔اطلاعات کے …