منگل , 23 اپریل 2024

امریکی صدر جوبائیڈن نے وفاقی گن ریفارمز بل پر دستخط کردیے، باقاعدہ قانون بن گیا

امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ تین دہائیوں میں ہتھیاروں کے قوانین سے متعلق اپنی نوعیت کی پہلی بڑی اصلاحات کو ممکن بنانے والے فیڈرل گن ریفارمز بل پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس طرح یہ قانونی مسودہ اب باقاعدہ قانون بن گیا ہے۔

نئے قانون کے مطابق آتشیں اسلحہ خریدنے والے نوجوان امریکی شہریوں کے پس منظر کی زیادہ گہری جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کا مقصد ایسے شہریوں کو ہتھیار خریدنے سے روکنا ہے جو سنگین جرائم کے مرتکب ہوئے ہوں۔

اس قانون میں ایسی دفعات بھی شامل ہیں جن کا مقصد آتشیں اسلحے کی غیر قانونی فروخت کو روکنا جبکہ اسمگلروں اور دوسروں کے لیے ہتھیار خریدنے والوں کو سخت سزائیں دینا ہے۔

یہ قانون سازی ریاست ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کے واقعے میں انیس بچوں اور دو اساتذہ کی ہلاکت کے تقریباً ایک ماہ بعد کی گئی ہے۔

اس واقعے کے علاوہ بھی گزشتہ دنوں امریکا میں فائرنگ کے متعدد واقعات تواتر سے پیش آئے تھے جن کے بعد امریکی حکومت پر ہتھیاروں سے متعلق قوانین کو سخت بنانے کے لیے خاصا عوامی دباؤ تھا۔ صدر جو بائیڈن نے امریکی کانگریس کے اراکین سے شہریوں کے لیے ہتھیاروں پر مکمل پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …