بدھ , 24 اپریل 2024

افغانستان نے زلزلہ سے متاثرین افراد کی مدد کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا

افغانستان کی ہلال احمر سوسائٹی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد کا شکریہ ادا کیا ہے۔

افغانستان کی ہلال احمر سوسائٹی کے نائب سربراہ ملا نورالدین ترابی نے صوبہ پکتیکا میں ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ زلزلے سے بھاری تباہی ہوئی ہے اور ہم اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ متاثرین کی مدد جاری رکھنے میں ہمارا ساتھ دے۔

ترابی نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے دوسرے ممالک سے مدد پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ افغانستان کی ہلال احمر سوسائٹی کے عہدے دار نے زلزلے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں کہا کہ ابھی تک مرنے اور زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہے جبکہ منگل سے افغانستان کے پندرہ صوبوں کے پچاس گروپ مرنے والوں، زخمیوں اور تباہ ہونے والے مکانوں کی صحیح تعداد کا پتہ لگانے کے لئے اپنا کام شروع کر رہے ہیں۔

اس ملاقات میں ایرانی امدادی وفد کے سربراہ سجادی نے ایران کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی، زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران، افغان زلزلہ متاثرین کے لئے اب تک کئی امدادی کھیپ روانہ کرچکا ہے۔ چند روز قبل افغانستان کے پکتیکا اور خوست صوبوں کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے میں پندرہ سو سے زیادہ افراد ہلاک اور دوہزار زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …