جمعرات , 25 اپریل 2024

کراچی سیف سٹی منصوبے کو فائنل کردیا: ڈی جی سیف سٹی مقصود میمن

ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی پروگرام مقصود میمن کا کہنا ہے کہ ہم نے کراچی سیف سٹی کے منصوبے کو فائنلائز کردیا ہے جس کے تحت شہر میں 12 ہزار جدید کیمرے لگائیں گے۔

کراچی سیف سٹی پروگرام پر کام کا آغاز چند دنوں میں ہو رہا ہے جس کے تحت شہر میں 12 ہزار جدید ترین کیمرے لگیں گے، پہلے مرحلے میں 6 ہزار کیمرے دسمبر تک کام شروع کر دیں گے اور مزید 6 ہزار کیمرے اگلے سال فعال ہوجائیں گے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کراچی سیف سٹی پروگرام کے ڈی جی مقصود میمن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر حکام نے بہت کاوشیں کی ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی کے تعاون سے منصوبے کو ٹیکنالوجی سے بہتر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جو چیزیں باہر کی دنیا کے لیے سنتے تھے کہ سیف سٹی اور اسمارٹ سٹی کی جدیدیت ہے وہ اب کراچی میں ملے گی، سیف سٹی پروگرام کے تحت کراچی کے تمام زون، تمام انٹری ایگزیٹ پوائنٹس، شاپنگ سینٹرز، بزنس ایریاز کو ان کیمروں سے کور کریں گے۔

مقصود میمن کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے تحت شہر میں 10ہزار کیمرے 3 سال میں لگائے جانے تھے، مجھے یہ منصوبہ رواں سال جنوری میں ملا، ہم نے مزید 2 ہزار کیمروں کا اضافہ کیا ہے اور ایک سال بچایا ہے، اس منصوبے کو 2 سال میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، 2 سال کے اندر اسٹیٹ آف دی آرٹ انٹی گریٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ساتھ کام شروع کردیں گے، اس پروگرام کے لیے سندھ حکومت نے فنڈز جاری کر دیے ہیں اور جولائی کے وسط میں کام شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی پروگرام کے تحت صرف کیمرے ہی نہیں لگا رہے اس کے ساتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی وہ ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں جو دنیا میں ٹاپ آف دی لائن ہے ہر ایک کیمرے کے پیچھے جدید سافٹ ویئر کام کر رہا ہوگا۔

مقصود میمن کا کہنا تھا کہ کہیں اگر کسی کا چہرہ نظر آتا ہے تو اسے شہر بھر میں ٹریک کر سکیں گے کہ وہ اس سے پہلے یا بعد میں کہاں کہاں رہا ہے، اسی طرح اگر کوئی گاڑی گزرتی ہے تو اسے بیک اینڈ سے ٹریس کر سکیں گے کہ وہ گاڑی کہاں سے نکلی اور کہاں کہاں موجود رہی، اس سے ہمیں اسٹریٹ کرائم یا دیگر جرائم کو روکنے اور اس کا سراغ لگانے میں بھرپور مدد ملے گی۔

ڈی جی سیف سٹی نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ، ریلوے اسٹیشنز، انٹرسٹی بس ٹرمینلز، بس اسٹاپس، گرین لائن، اورنج لائن اور شہر میں چلنے والی جدید ٹرانسپورٹ میں لگے کیمروں کو بھی سیف سٹی پروگرام سے منسلک کیا جائے گا

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …