یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ امریکی سفیر کا المھرہ اور حضرموت صوبوں کا دورہ تیل کے کنؤوں اور بندرگاہوں پرقبضہ کرنے کے لئے انجام پایا ہے۔
سبا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراعظم عبدالعزیز بن حبتور نےاتوار کو حضرموت اور المھرہ صوبوں کے گورنروں سے ملاقات میں نئی سامراجی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ان دونوں صوبوں میں عوامی استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام یمن کی جئوپولیٹیکل پوزیشن سے فائدہ اٹھانے اور قدرتی ذخائر پر قبضہ کرنے کے منصوبے کے تناظر میں جارحیت کی حمایت کے لئے ہے۔
عدن کے لئے یمن کی سالویشن حکومت کے معین کردہ گورنر طارق سلام نے بھی کہا ہے کہ امریکہ اور اس سے وابستہ محاذ سقطرہ جزائر کے قدرتی ذخائر پر نظریں لگائے ہوئے ہے۔
سقطرہ جزیرے میں تیل سے مالامال تین علاقے موجود ہیں جو نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور اسی بنا پر امریکہ اور اس سے وابستہ ممالک اس پرتسلط حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
طارق سلام نے تاکید کے ساتھ کہا کہ حزیرہ سقطری جنگ سے دور ہے اور حیرت کی بات ہے کہ جارح سعودی اماراتی اتحاد اس جزیرے کے یمنی شہریوں کو ہجرت کرنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔
عدن کے گورنر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ یمن کا چپہ چپہ آزاد کرائیں گے سقطری کے باشندوں سے وعدہ کیا کہ غاصبانہ قبضے اور جبری ہجرت کا مقابلہ کرنے کے لئے ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
امریکہ نے، المھرہ صوبے میں سعودی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے اس علاقے میں اپنے فوجی تعینات کردیئے ہیں اور اس وقت صوبہ المھرہ پر قبضہ اور عالمی رائے عامہ کے سامنے اس کا جواز پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے