جمعہ , 19 اپریل 2024

گھر سے مکڑی بھگانے کیلئے خاتون نے پولیس بُلا لی

کیا کبھی آپ نے سنا ہے کہ گھر میں معمولی سی مکڑی دیکھ کر کسی نے پولیس کو طلب کیا ہو؟ یہ یقیناً ایک غیر سنجیدہ بات ہے لیکن ایسا ہی ایک واقعہ برطانیہ میں پیش آیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی اطلاع مغربی یارکشائر پولیس نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دی۔

یارکشائر پولیس نے خاتون کی آڈیو شیئر کی جس میں وہ گھر میں مکڑی آجانے پر پولیس کو بلا رہی ہیں۔

آڈیو میں خاتون کو فون پر کہتے سنا جاسکتا ہے کہ  ’آپ شاید مجھے دیوانہ سمجھیں گے لیکن میں نے بہت لوگوں کو مدد کیلئے پکارا لیکن کسی نے مدد نہ کی، اب آپ ہی میری واحد امید ہیں’۔

مذکورہ خاتون نے بتایا کہ  ’میرے گھر  ایک بڑی مکڑی گھس آئی ہے جسے نکالنے کیلئے فوری کسی کو روانہ کیا جائے‘۔

یارکشائر پولیس نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘برائے مہربانی اگر آپ کے گھر میں مکڑی گُھس جائے تو اسے بھگانے کے لیے پولیس کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 999 پر کال نہ کریں’۔

کیپشن میں مزید لکھا گیا کہ ‘یہ کال ہیلپ لائن پر آنے والی فضول کال کی مثال ہے، ہمیں روزانہ اوسطاً 120 فون کالز موصول ہوتی ہیں جس میں زندگی یا موت جیسی کوئی ایمرجنسی نہیں ہوتی’۔

اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وقت ضائع کرنے کے لیے خاتون پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …