جمعہ , 19 اپریل 2024

ایران جوہری بم بنانیکا ارادہ نہیں رکھتا، یہودی میڈیا

برطانیہ سے چھپنے والے دنیا کے قدیمی ترین یہودی مجلے جیوِش کرونیکل نے امریکی جاسوس تنظیم کے سابق اعلی عہدیدار سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران جوہری بم تو نہیں بنانا چاہتا لیکن اسکے خطرے کو استعمال کرتے ہوئے مذاکرات میں اہم سفارتی اہداف ضرور حاصل کرنا چاہتا ہے
اسلام ٹائمز۔ معروف یہودی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایران جوہری بم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ 1829ء سے برطانیہ سے چھپنے والے قدیمی ترین یہودی اخبار جیوِش کرونیکل نے امریکی انٹیلیجنس تنظیم سی آئی اے کے سابق اعلی عہدیدار نورمین رول سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ زیادہ تر امکان کے مطابق ایران جوہری بم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا تاہم وہ اس خطرے کو استعمال کرتے ہوئے مذاکرات کے دوران اہم سفارتی اہداف ضرور حاصل کرنا چاہتا ہے۔ امریکی جاسوس تنظیم میں ایران و مغربی ایشیاء سے متعلق شعبوں میں 34 سال کام کرنے اور بارک اوباما کے دور حکومت میں ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کو حتمی شکل دینے والے نورمین رول نے ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق مغربی ممالک کے دعوے کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے دعوی کیا کہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی جانب ایرانی پیشرفت؛ ممکن ہے کہ تہران کی جانب سے اٹھایا گیا ایک فریبکارانہ اقدام ہو۔

یہودی مجلے کے ساتھ گفتگو میں سی آئی اے کے سابق اعلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ شواہد ثابت کرتے ہیں کہ ایران، جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی جانب تیزی کے ساتھ حرکت کرے گا اور نہ ہی اس حوالے سے مغرب کی ریڈلائنوں کا ہی کوئی برا نتیجہ برآمد ہو گا۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں نورمین رول نے یہ دعوی بھی کیا کہ ایران، جوہری بم کی تیاری کی جانب اپنی پیشرفت کو مغرب کے مقابلے میں سفارتی نقطۂ قوت کے طور پر استعمال کرے گا۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے نہ صرف اپنے جوہری پروگرام کے فوجی استعمال پر مبنی مغربی الزامات کو ہمیشہ مسترد کیا ہے بلکہ عدم جوہری پھیلاؤ پر مبنی عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے معاہدۂ این پی ٹی پر بھی دستخط کر رکھے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …