جمعرات , 18 اپریل 2024

دنیا کی عمر رسیدہ ہتھنیوں میں سے ایک چل بسی، عمر کتنی تھی؟

دنیا کی عمر رسیدہ ہتھنیوں میں سے ایک ٹریسیا 65 سال کی عمر میں  آسٹریلیا کے چڑیا گھر میں انتقال کرگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1963 میں ویتنام سے لائی گئی ٹریسیا کی موت بدھ کی شام کو آسٹریلوی شہر پرتھ کے چڑیا گھر  میں ہوئی۔

1963 میں ویتنام سے آنے کے بعد سے  ٹریسیا پرتھ کے چڑیا گھر کا ایک خاص حصہ تھی۔

چڑیا گھر انتظامیہ نے ٹریسیا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 65 سالہ ہتھنی کو ہمیشہ اس کے پیار بھرے انداز کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔

مغربی آسٹریلیا کے  پریمیئر مارک میک گوون نے ٹریسیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ‘ہم نے اپنے ایک آئیکن کو رخصت کردیا، ٹریسیا ہمارے لیے ایک گھریلو نام تھا’۔

فوٹو: ڈیلی میل
فوٹو: ڈیلی میل

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ٹریسیا کافی دنوں سے نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے سست تھی جبکہ اسے چلنے میں بھی مسئلہ ہورہا تھا، اس کی صحت کی قریب سے نگرانی بھی کی جارہی تھی لیکن بدھ کی شام کو اس کی موت ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق ٹریسیا برش کی مدد سے رنگوں سے شاندار مصوری بھی کرتی تھی جسے  بعد ازاں فروخت کر کے اس کی رقم عطیہ کردی جاتی تھی۔

فوٹو: ڈیلی میل
فوٹو: ڈیلی میل

ٹریسیا کی موت پر شہری بھی کافی اداس ہیں،انہوں نے اس ہتھنی کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کو بھی یاد کیا۔

دوسری جانب ٹریسیا کے اعزاز میں، پرتھ کی چڑیا گھر انتظامیہ نے ٹریسیا ٹریبیوٹ ٹو کنزرویشن فنڈ قائم کیا ہے اور لوگوں کو  تعزیت کے لیے پھول بھیجنے کے بجائے فنڈ میں عطیہ کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق فنڈ کی رقم چڑیا گھر کے دوسرے جانوروں کی صحت پر خرچ کی جائے گی۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …