ہفتہ , 20 اپریل 2024

بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، طوفانی بارشوں کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے صوبے بھر میں ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں میں تیراکی پر پابندی عائد کردی ہے، طوفانی بارشوں اور سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کوئٹہ، قلات، خضدار، آواران، تربت، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، لسبیلہ، چمن، کوہلو و دیگر اضلاع میں شدید بارشوں کے بعد ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔

کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں 4 ہزار 165 خیمے، 2500 کمبل، 743 سولر لائٹس اور خوراک و دیگرامدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

تیراکی پر پابندی عائد

دوسری جانب حکومت بلوچستان نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے صوبے بھر میں ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں میں تیراکی پر پابندی عائد کردی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے، ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں کے قریب پکنک منانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مزید بارشیں متوقع

صوبائی محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، کوئٹہ، خضدار، قلات، لسبیلہ، پنجگور، آواران، خاران اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …