جمعہ , 19 اپریل 2024

تاسوعائے حسینی کے موقع پر پورا ایران ہر طرف یا حسین  علیہ السلام کی صدائوں سے گونج رہا ہے۔

تہران:اسلامی جمہوریہ ایران میں آج نویں محرم یعنی تاسوعائے حسینی کی عزاداری پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور کروڑوں عقیدت مند شہدائے کربلا کی یاد میں اشک غم بہا تے ہوئے سینہ زنی کر رہے ہیں۔

نو محرم کا دن جسے  تاسوعائے حسینی کہا جاتا ہے، عربی زبان کے لفظ تسع سے ماخوذ ہے جس کے معنی نو اور نھم ہوتے ہیں۔نو محرم سن 61 ہجری قمری کو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا، یزیدیوں کے محاصرے میں تھے اور اہلبیت رسولۖ پر پانی بند تھا۔ یہ خاندان رسولۖ پر انتہائی سخت دن تھا یہی وجہ ہے کہ محبان اہلبیت اطہار(ع) اس دن کو انتہائی غم و اندوہ کے ساتھ مناتے ہیں۔

نویں محرم یعنی تاسوعائے حسینی (ع) کے موقع پر پورے ایران میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ ایران بھر میں ماتمی جلوس بر آمد ہو رہے ہیں اور عزاداری سید الشہدا کی جا رہی ہے۔

ایران بھر میں ہر طرف سیاہ پرچم لگے ہوئے ہیں اور ہر جگہ علم ابوالفضل العباس(ع) بلند ہے اور عزاداروں اور سوگواروں کی آہ و بکا کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ عزاداری سید الشہدا کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اور جیسے جیسے شب عاشورا اور یوم عاشورا قریب آتا جا رہا ہے، عزاداروں کا جوش اور ولولہ بھی بڑھتا جارہا ہے اورعزاداری کا یہ سلسلہ شام غریباں تک جاری رہے گا۔

 

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …