اتوار , 25 ستمبر 2022

عراقی سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانیوں کو داخلے کی اجازت

اسلام آباد: عراقی وزیر داخلہ نے ایران عراق سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانیوں کو داخلے کی اجازت دینے اور پاکستانی زائرین کے لیے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے عراقی ہم منصب عثمان علی فردہود سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس دوران پاکستانی زائرین کے ویزا اجراء میں تاخیر، ویزا کی تعداد میں اضافے اور پاکستانی زائرین کو عراق داخلے میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے ایران عراق سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانی زائرین کو عراق میں داخل ہونے کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ انہوں ںے عراق میں براستہ ایران داخل ہونے والے پاکستانی زائرین کیلئے ایران، عراق سرحد مستقل طور پر کھولنے اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے لے عراق جانے کے خواہش مند زائرین کو خصوصی ویزا اجراء کرنے کی درخواست بھی کی۔
عراقی وزیر داخلہ نے اپنے ہم عصر کی تمام تجاویز کا خیرمقدم کیا اور مطالبات کی فوری منظوری اور ان پر بلا تاخیر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔

عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانی زائرین کے لیے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے اور عراقی سفارت خانے میں زیرالتواء پاکستانی زائرین کی تمام ویزا درخواستوں پر فوری عمل درآمد کا اعلان کیا۔

اس کے ساتھ ہی عراقی وزیر داخلہ نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے لیے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کو خصوصی ویزا سہولت دینے کا اعلان بھی کیا۔

دونوں ہم عصر کے درمیان بات چیت میں پاکستان سے عراق جانے والے خواہش مند زائرین کے لیے ویزوں کی تعداد میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ زائرین سمیت دیگر مسائل کے پائیدار حل کیلئے پاکستان عراق مشترکہ کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان،عراق تعلقات کے فروغ اور داخلہ وزارتوں کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات پراتفاق کیا۔

رانا ثنا اللہ نے ایران عراق سرحد پر پھنسے پانچ ہزار پاکستانی زائرین کو عراق میں داخلے کی فوری اجازت دینے اور دیگر درخواستیں منظور کرنے پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

رانا ثناء اللہ نے عراقی وزیر داخلہ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

یہ بھی دیکھیں

PTI پارٹی رہنما حامد خان کا فواد چوہدری کے حوالے سے بڑا انکشاف

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن حامد خان نے پارٹی رہنما اور پی …