جمعرات , 25 اپریل 2024

کابل:طالبان کے زیر استعمال امریکی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں تربیتی مشق کے دوران امریکی ساختہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کیمپس میں طالبان اہلکاروں نے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں تربیتی پرواز کے لیے اڑان بھری تھی تاہم تھوڑی ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔

طالبان حکومت کی وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی پرواز پر مامور ہیلی کاپٹر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کیمپس کے اندر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔

طالبان حکومت کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حادثے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حادثے کے بعد علاقے کو طالبان اہلکاروں نے گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

طالبان حکومت نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے اور یہ بھی واضح نہیں کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں کتنے افراد سوار تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں افغانستان میں طالبان نے حکومت قائم کرلی تھی اور امریکی فوجیوں نے انخلا کے وقت کئی ہیلی کاپٹرز اور جنگی ساز و سامان افغانستانج میں چھوڑ گئے تھے جو اب طالبان کے زیر استعمال ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …