منگل , 23 اپریل 2024

انڈونیشیا اور پاکستان کے وفد کی اسرائیل آمد؛ میڈیا رپورٹ

تل ابيب: اسرائیلی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے ایک سینیئر سرکاری عہدیدار اور امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا ایک وفد اسرائیل پہنچا ہے جہاں وہ صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات بھی کریں گے۔

اسرائیل کے نجی ٹیلی وژن نیوز چینل کے مطابق انڈونیشیا کے ایک اعلٰی عہدیدار اسرائیل کے دورے پر ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے رواں سال کے آغاز سے وزارت خارجہ کی سطح پر خفیہ مذاکرات جاری تھے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس اگست میں بھی انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں، تاجروں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل ایک وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔

آئی ٹوئنٹی فور نیوز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس وقت ایک پاکستانی وفد بھی اسرائیل میں موجود ہے۔ وفد میں 9 افراد موجود ہیں جن میں 4 پاکستان میں رہتے ہیں جب کہ دیگر میں پاکستانی نژاد امریکی اور برطانوی شامل ہیں۔

اسرائیلی نیوز چینل نے انکشاف کیا کہ پاکستانی وفد میں سابق وزیر مملکت اور ملکی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نسیم اشرف بھی شامل ہیں جب کہ وفد کے ہمراہ ایک پاکستانی صحافی بھی آئے ہیں تاہم انھوں نے شناخت خفیہ رکھی ہے۔

خیال رہے کہ نسیم اشرف مشرف دور میں وزیر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق پاکستانی وفد کا یہ دورہ ثقافت، سیاحت اور جیو پالیٹکس کے تناظر میں ہے۔تاحال اسرائیلی نیوز چینل کے اس دعوے کی نہ تو اسرائیل اور نہ ہی پاکستان اور انڈونیشا کی جانب سے تردید یا تصدیق کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس اسرائیلی صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے اپریل کے آخر اور مئی کے شروع میں اسرائیلی سرزمین پر ایک پاکستانی وفد سے ملاقات کی تھی۔ تاہم اس وقت وزارت خارجہ نے کسی بھی پاکستانی وفد کی اسرائیلی دورے کی تردید کی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …