ہفتہ , 26 نومبر 2022

مصری خاتون کا طلاق لینے کے بعد کا انوکھا جشن

قاہرہ:مصر میں ایک خاتون نے شوہر سے طلاق لیکر انوکھے انداز جشن منایا اور سب کو حیران کردیا۔مصری خاتون کی جانب سے طلاق کا جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، صارفین نے اس پر حیرانی کے اظہار کے ساتھ ملا جلا ردعمل دیا، کچھ صارفین خاتون کی حمایت اور کچھ اس اقدام کی مخالفت کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون طلاق کا جشن مناتے ہوئے اپنے شادی کے جوڑے کو آگ لگا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک صحرا میں خاتون لباس کو نذر آتش کرتے ہوئے کہہ رہی ہے ’’میں نے اپنی یادوں اور شادی کے لباس کو جلا دیا، اللہ کے حکم سے اب میں ایک نیا آغاز کررہی ہوں‘‘۔

طلاق کا جشن منانے والی خاتون ہبہ مبروک نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو انٹرویو میں اپنے حالات زندگی بتاتے ہوئے کہا کہ میری شادی 3 سال قبل ہوئی، اس وقت میری عمر 22 سال تھی، ہمارے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا تاہم شادی کے بعد شوہر کے اصل رنگ سامنے آنے شروع ہوئے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ مختلف اوقات میں اپنے دھوکے باز شوہر کو 7 مرتبہ پکڑا، وہ مجھ سے خیانت کر رہا تھا، اتنی مرتبہ دھوکہ دہی پکڑنے کے بعد میرا اس کے ساتھ رہنا ناممکن ہوگیا تھا اس لئے شوہر سے طلاق لے لی۔

ہبہ مبروک نے طلاق کا جشن منانے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے شوہر کو کئی مرتبہ معاف کیا اور سوچا کہ وہ اپنی حالت بدل کر اپنی بیوی، بیٹے اور گھر کو برقرار رکھے گا لیکن اس نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، جس کے بعد میں نے طلاق لینے اور اس کا جشن منانے کا فیصلہ کرلیا۔

ہبہ نے دوسری لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی کے ساتھی کے انتخاب میں جلدی نہ کریں اور والدین کے مشورے پر عمل پیرا ہوں تاکہ ایسے شوہر کا انتخاب کیا جاسکے جس کے بعد علیحدگی، طلاق اور خاندان کی تباہی کا نتیجہ سامنے نہ آئے۔

یہ بھی دیکھیں

تین سو افراد کو ہڑپ کرجانےوالا 20 فٹ لمبا مگرمچھ تاحال گرفت سے باہر

افریقہ: اگرچہ اسے مارنے کے کئی دعوے کئے گئے ہیں لیکن اب تک سینکڑوں افراد …